گزشتہ سال 7لاکھ 62ہزارسے زائد افراد رو زگار کیلئے باہر بھجوائے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وزارت سمندر پار پاکستانیز کی جامع اصلاحات کے نتیجے میں بیرون ملک پاکستانی کارکنوں کے روزگار کے مواقع اور تحفظ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
ترجمان وزارت کے مطابق گزشتہ سال بیرون ملک بھجوائے جانے والے پاکستانی کارکنوں کی تعداد میں 5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔سال 2025ء میں مجموعی طور پر 7 لاکھ 62 ہزار 499 افراد کو بیرون ملک روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے جبکہ پاکستانی کارکنوں کی ترسیلات زر میں بھی 9 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا، جو تقریباً 40 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ وزارت نے سال 2025 کے دوران اٹلی، بیلاروس اور عراق کے ساتھ لیبر موبیلٹی معاہدوں پر دستخط کیے ۔ اٹلی کا پاکستان کے لیے تین سال کی مدت کے لیے 10500 کارکنوں کا کوٹہ مختص کرنا اہم پیشرفت ہے ، وزارت نے شادی گرانٹ 4 لاکھ سے بڑھا کر 6 لاکھ روپے اور وفات گرانٹ 8 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کی، نیز اوورسیز پاکستانیوں کے لیے حادثاتی موت اور معذوری انشورنس سکیم بھی متعارف کرائی ۔ 14 اگست 2025 کو پہلی بار 16 بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے سول ایوارڈز کا اعلان کیا گیا ، وزارت کے مطابق دوسرا اوورسیز کنونشن اپریل میں منعقد کئے جانے کا امکان ہے ۔ترجمان کے مطابق قطر میں 19 سال بعد پاکستانی ہنرمندوں کے لیے ورک ویزوں کا دوبارہ اجرا کیا گیا۔