پاک افغان تجارتی روابط کیلئے بڑی پیشرفت سامنے آگئی

پاک افغان تجارتی روابط کیلئے  بڑی پیشرفت سامنے آگئی

کراچی(کامرس رپورٹر)پاک افغان تجارتی روابط کے سلسلے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے ،وزارتِ تجارت نے پاکستانی بندرگاہوں اور بارڈر کراسنگ پوائنٹس پر پھنسے افغان ٹرانزٹ کارگو کی ری ایکسپورٹ کی اجازت دے دی۔

اس فیصلے کو پاکستان افغانستان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے تجارتی برادری کے لیے بڑا ریلیف قرار دیا ہے جو طویل عرصے سے پاک افغان سرحد کی بندش کے باعث شدید مشکلات کا شکار تھی، کئی ماہ سے افغان ٹرانزٹ کنٹینرز کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں سمیت مختلف سرحدی راستوں پر رکے ہوئے تھے ، جسکے نتیجے میں بندرگاہوں پر غیر معمولی رش، لاجسٹک مسائل اور ڈیمرج وڈی ٹینشن چارجز میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا، اس صورتحال نے نہ صرف درآمد کنندگان بلکہ کلیئرنگ ایجنٹس اور ٹرانسپورٹرز پر بھی بھاری مالی دباؤ ڈالا، جبکہ بندرگاہی آپریشنز متاثر ہونے سے مجموعی تجارتی سرگرمیوں میں سست روی پیدا ہوئی۔ واضح رہے کہ یہ فیصلہ 10 جنوری کو کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد سامنے آیا، جس کی صدارت چیئرمین زبیر موتی والا نے کی اور جس میں سیکریٹری تجارت جواد پال نے بھی شرکت کی۔ تجارتی حلقوں کے مطابق اس اقدام سے بندرگاہوں پر دباؤ کم ہونے ، لاجسٹک چین بحال ہونے اور خطے میں ٹرانزٹ تجارت کو دوبارہ متحرک کرنے میں مدد ملے گی معاشی ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت نہ صرف پاک افغان تجارت کے تسلسل کے لیے اہم ہے بلکہ اس سے پاکستان کی علاقائی ٹرانزٹ حب کے طور پر ساکھ مضبوط ہونے کا بھی امکان ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں