ایمان مزاری ،ہادی علی چٹھہ کے دوبار ہ وارنٹ جاری
اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ کی عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف متنازعہ ٹویٹس کیس میں وارنٹ گرفتاری اور ضمانت منسوخ کرنے کے عدالتی احکامات واپس لینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے دونوں ملز موں کے ایک بار پھر وارنٹ گرفتاری جاری کرد ئیے۔
سماعت کے دوران پراسیکیوٹر رانا عثمان عدالت پیش ہوئے ، عدالت نے این سی سی آئی اے سے دونوں ملزمان کی گرفتاری کے حوالہ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت میں وقفہ کیا ، جس کے بعد سماعت شروع ہونے پر پراسیکیوٹر رانا عثمان،وفاقی وفاقی پولیس کے ڈی ایس پی لیگل نعیم،وکیل صفائی ریاست علی آزاد اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے ، ریاست علی آزاد ایڈووکیٹ نے کہاکہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ عدالت کے سامنے سرنڈر کر دیتے ہیں اور پیش ہو جاتے ہیں،ہماری معصوم سی درخواست ہے عدالت سے کہ عدالت گرفتار کرکے ویڈیو لنک پر پیش کرنے کا حکم معطل کر دے ،جج محمد افضل مجوکہ نے کہاکہ ملزمان کی عدم موجودگی میں 342 کا بیان ہو سکتا ہے ،دلائل سن لئے ہیں پانچ منٹ میں اس پر آرڈر کرتے ہیں،عدالت نے پھر سماعت میں وقفہ کر دیا، جس کے بعد ایک بار پھر سماعت شروع ہونے پر جج افضل مجوکا نے کہاکہ این سی سی آئی اے کی جانب سے بتایا گیا کہ ملزمان کے وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد نہیں کروایا جاسکا،ریاست علی آزاد کی جانب سے زبانی درخواست کی گئی کہ عدالت اپنا فیصلہ معطل کرے ،عدالت ضمانت منسوخی کا فیصلہ معطل نہیں کر سکتی،ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کئے جاتے ہیں،این سی سی آئی اے اور ڈی آئی جی آپریشنز ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت پیش کریں،342 کا سوالنامہ وکیل ریاست علی آزاد کو فراہم کیا جاچکا ہے ،عدالت نے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی۔