ساوتھ ایئر ملک کی پہلی سیاحتی ایئر لائن ہو گی
کم ترقی یافتہ ایئرپورٹس پرسہولیات فراہم کریگی ،ڈپٹی سی ای او محسن جمیل،گوادر ایکسپو میں بریفنگ
اسلام آباد (دنیا رپورٹ)گوادر ایکسپو 2026کا انعقاد بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ کے زیرِ اہتمام کیا گیا جس کا مقصد بلوچستان خصوصاً گوادر میں کاروباری سرگرمیوں کا فروغ اور سرمایہ کاری کیلئے دعوت دینا تھا۔ ایونٹ میں ملکی و غیر ملکی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں نے شرکت کی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال مہمانِ خصوصی تھے ۔ اس دوران مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع، پالیسی فریم ورک اور سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ساؤتھ ایئر کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر محسن جمیل نے وژن اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ساؤتھ ایئر ملک کے ان کم ترقی یافتہ ہوائی اڈوں کو فضائی سہولیات کی فراہمی کے عزم پر قائم ہے جہاں مسافر سہولیات کی شدید کمی ہے ، اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مسافروں کو بہترین ممکنہ فضائی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ ایئرلائن نے خود کو ملک کی پہلی سیاحتی ایئرلائن قرار دیا جس نے نظر انداز ہوائی اڈے قومی فضائی نیٹ ورک سے جوڑنے کا چیلنج قبول کیا۔ شرکاء نے ساؤتھ ایئر کے چیئرمین کنور طارق کے وژن کو سراہا اور مس نشات فاطمہ کو کسی بھی پاکستانی ایئرلائن کی پہلی خاتون چیف ایگزیکٹو آفیسر ہونے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔