نیب اور ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

 نیب اور ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

بدعنوانی قانون کی حکمرانی اور عوامی اعتماد کو نقصان پہنچاتی:لیفٹیننٹ جنرل (ر)نذیر احمد ٹی آئی کے وفد کی چیئرمین فرانسوا ویلیریئن کی قیادت میں چیئرمین نیب سے ملاقات

اسلام آباد (اے پی پی)چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد سے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل (ٹی آئی)کے چار رکنی وفد نے چیئرمین فرانسوا ویلیریئن کی قیادت میں نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ترجمان کے مطابق ملاقات میں شفافیت،  احتساب، بدعنوانی کے خلاف اقدامات اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے وفد میں جسٹس (ر)ضیا پرویز، ایڈووکیٹ دانیال مظفر اور کاشف علی شامل تھے جبکہ نیب کے ڈپٹی چیئرمین سہیل ناصر اور دیگر اعلیٰ افسر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ چیئرمین نیب نے بدعنوانی کو ایک عالمی مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن قانون کی حکمرانی اور عوامی اعتماد کو شدید نقصان پہنچاتی ہے ، اس لیے اس کے خاتمے کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔انہوں نے وفد کو نیب میں متعارف کرائی گئیں اصلاحات سے آگاہ کیا ،چیئرمین نیب کے مطابق ان اصلاحات کے نتیجے میں 2025 کے دوران 62 کھرب روپے کی ریکارڈ رقوم برآمد کی گئیں جبکہ گزشتہ تین سال میں مجموعی برآمدگیاں 115 کھرب روپے تک پہنچ چکی ہیں۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے ساتھ مستند اعداد و شمار کے تبادلے سے زیادہ حقائق پر مبنی جائزے ممکن بنائے جا سکتے ہیں۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے چیئرمین فرانسوا ویلیریئن نے نیب کی اصلاحات کو سراہتے ہوئے بدعنوانی کے خلاف تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں