اٹلی ، یورپی یونین رہنماؤں کا وزیر داخلہ سے رابطہ، خودکش حملہ کی شدید مذمت
اسلام آباد (این این آئی،اے پی پی،آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے اطالوی ہم منصب میٹیو پینٹے ڈوسی اور یورپی کمشنر میگنس برنر کا رابطہ ،اسلام آباد کے حالیہ خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
اطالوی وزیر داخلہ نے کہاکہ المناک واقعہ پر دلی صدمہ پہنچا، اطالوی حکومت اور عوام پاکستانی بہن بھائیوں اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں اور اس مشترکہ خطرے سے نمٹنے کیلئے مکمل تعاون کو تیار ہیں۔دوسری جانب یورپی کمشنر میگنس برنر نے بھی متاثرین کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں۔ محسن نقوی نے عالمی رہنماؤں کی جانب سے یکجہتی کے پیغام پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان پوری دنیا کیلئے ایک ڈھال کا کردار ادا کر رہا ہے ،آج دنیا کو امن دشمن عناصر سے محفوظ رکھنے کیلئے عالمی سطح پر پہلے سے زیادہ مضبوط اور مربوط اقدامات کی ضرورت ہے ۔