6ماہ:آٹو موبائل،گارمنٹس سیمنٹ سمیت14شعبوں کی پیداوار میں اضافہ
لیدر مصنوعات، کیمیکلز، فرنیچر، فارماسیوٹیکل سمیت 10شعبوں کی پیداواری گروتھ میں کمی ریکارڈ کی گئی جنوری میں121 ارب کی گارمنٹس، 86 ارب کی بیڈ شیٹ، 55 ارب کے چاول، 32 ارب کے تولیے برآمد ہوئے
اسلام آباد (مدثر علی رانا) ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا دسمبر 2025-26 میں بڑے صنعتی شعبے کی پیداوار میں 4.8فیصد اضافہ ہوا۔ آٹوموبا ئل ، سیمنٹ ، گارمنٹس ،خوراک، بیوریجز، تمباکو، ٹیکسٹائل ، برقی آلات سمیت 14 شعبوں میں پیداوار بڑھی جبکہ لیدر مصنوعات، کیمیکلز ، فرنیچر اور فارماسیوٹیکل سمیت 10شعبوں کی پیداواری گروتھ میں کمی دیکھی گئی۔دسمبر 2025 میں ماہانہ بنیاد پر پیداوار 9.26 فیصد بڑھی اور ششماہی کوانٹم انڈیکس جولائی سے دسمبر کے دوران 117.70 سے بڑھ کر 128.51 تک پہنچ گیا۔ آٹوموبائل میں 31 فیصد ماہانہ اور 67 فیصد ششماہی اضافہ ہوا، گارمنٹس کی پیداوار میں 9.24 فیصد اور سیمنٹ میں 11.60 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار ششماہی بنیاد پر 13.49 فیصد بڑھی جبکہ شوگر، فرٹیلائزر اور آئرن اینڈ سٹیل میں بالترتیب 9.41، 9.66 اور 7.82 فیصد کمی ہوئی۔ ٹیکسٹائل نے صنعتی نمو میں مثبت کردار ادا کیا۔ جنوری میں 121 ارب روپے کی ریڈی میڈ گارمنٹس، 86 ارب روپے کی بیڈ شیٹ، 55 ارب روپے کے باسمتی چاول، 46 ارب روپے کے کاٹن کلاتھ اور 32 ارب روپے کے تولیے برآمد کیے گئے ۔