پٹرول مہنگا:لاہور کے سرکاری اداروں کے اخراجات میں اضافہ

 پٹرول مہنگا:لاہور کے سرکاری اداروں کے اخراجات میں اضافہ

ایل ڈی اے ، پی ایچ اے ، واسا پر ماہانہ 2کروڑ 46 لاکھ40 ہزار کااضافی بوجھ عالمی سطح پر تیل کی سپلائی کا دباؤ برقرار رہا تواخراجات مزیدبڑھ سکتے ہیں :حکام

لاہور (سٹاف رپورٹر سے ) پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے فی لٹر اضافے کے بعد سرکاری اداروں کے اخراجات میں بھی بڑا اضافہ سامنے آ گیا ، لاہور کے بڑے محکموں کے اعداد و شمار کے مطابق ایل ڈی اے ، پی ایچ اے اور واسا جیسے شہری خدمات فراہم کرنے والے اداروں پر ہر ماہ تقریباً دو کروڑ 46 لاکھ 40 ہزار روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑا ہے۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسروں کی سرکاری گاڑیاں ماہانہ تقریباً 45 ہزار لٹر پٹرول استعمال کرتی ہیں۔ قیمتوں میں 55 روپے فی لٹر اضافے کے بعد صرف گاڑیوں کے ایندھن پر ایل ڈی اے کے اخراجات میں ہر ماہ تقریباً 24 لاکھ 75 ہزار روپے کا اضافہ ہو گیا ہے۔

اسی طرح ڈیزل مہنگا ہونے سے ایل ڈی اے کی مشینری پر سالانہ تقریباً 41 لاکھ 25 ہزار روپے کا اضافی بوجھ پڑا ہے ۔پی ایچ اے ماہانہ تقریباً ایک لاکھ 28 ہزار لٹر پٹرول اور ڈیزل استعمال کرتا ہے ،ایندھن مہنگا ہونے کے بعد اس کے اخراجات میں تقریباً 70 لاکھ 40 ہزار روپے ماہانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ واساکے ماہانہ اخراجات میں تقریباً ایک کروڑ 10 لاکھ روپے کا اضافہ ہو گیا ہے ۔ حکام کے مطابق اگر عالمی سطح پر تیل کی سپلائی کا دباؤ برقرار رہا تو سرکاری اداروں کے آپریشنل بجٹ، ترقیاتی منصوبوں اور شہری سہولیات کی فراہمی پر بھی اس کے اثرات مزید بڑھ سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں