پاکستان میں بارشیں ،ایرانی فضائی اثرات آسکتے : محکمہ موسمیات

پاکستان میں بارشیں ،ایرانی فضائی اثرات آسکتے : محکمہ موسمیات

جنگی ماحولیاتی اثرات کاجائزہ لینے کا فیصلہ ،بارش کا پانی جمع کرنیکی ہدایت

 اسلام آباد (ایس ایم زمان)محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ پاکستان کے مغربی علاقوں میں داخل ہو رہا ہے جس کے نتیجہ میں 12 مارچ تک بالائی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے جبکہ ایران سے فضائی آلودگی کے اثرات بھی آ سکتے ہیں۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ایران سے آنے والی مغربی ہواؤں کے ساتھ آلودگی کے ذرات پاکستان کے مغربی علاقوں میں داخل ہو کر فضائی آلودگی میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ دوسری طرف پاکستان نے خطے میں جاری جنگ کے ماحولیاتی اثرات و آلودگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔حکومت کی جانب سے ماحولیاتی اثرات کا جائزہ لے کر بچاؤاور تحفظ کیلئے پالیسی اقدامات کیے جائیں گے۔

پاکستان نے ایران سے داخل ہونے والے بادلوں سے متوقع بارش کے پانی میں تابکاری سمیت کیمیکل ٹیسٹنگ کے احکامات دیئے ہیں ، 12 مارچ تک متوقع بارش کے پانی کی ٹیسٹنگ کی جائے گی، محکمہ موسمیات نے ملک بھر کے علاقائی مراکز کو بارش کا پانی جمع کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔ اسلام آباد سے جاری ہونے والے ایک سرکاری مراسلے کے مطابق، کراچی، لاہور، کوئٹہ، گلگت اور پشاور سمیت تمام سٹیشنز کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ آنے والے بارش کے سپیل کے دوران پانی کے نمونے حاصل کریں، ان نمونوں پر جمع کرنے کی تاریخ اور وقت واضح طور پر درج کیا جائے گا تاکہ ان کا سائنسی بنیادوں پر تجزیہ کیا جا سکے ، یہ تمام نمونے محکمہ موسمیات کے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن کو بھیجے جائیں گے جہاں ’’ پن سٹیک‘‘ (PINSTECH) کی لیبارٹری میں ان کا تفصیلی معائنہ کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد بارش کے پانی میں موجود ممکنہ زہریلے اثرات یا آلودگی کاپتا لگانا ہے تاکہ ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں