حکومت کے کفایتی اقدامات کو سراہا جانا چاہئے : خرم شہزاد
شروعات کردی گئی ،تیل کی عالمی قیمت کم ہوگی توہم بھی کم کرینگے :مشیرخزانہ ایم این ایز کے فنڈزکی کٹوتی ہونی چاہئے :مفتاح اسماعیل،’’دنیامہربخاری کیساتھ‘‘
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مشیر وفاقی وزیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ حکومت نے اپنے اخراجات کم کرکے شروعا ت کی ہے ،یہ کہنا غلط ہے کہ اور کچھ نہیں کیا جائے گا ،اس وقت ہم آئی ایم ایف پروگرام میں ہیں تاہم عالمی سطح پر پٹرول کی قیمت کم ہوئی توہم بھی کرینگے ۔دنیانیوز کے پروگرام ’’دنیامہربخاری کے ساتھ‘‘میں گفتگوکرتے ہوئے خرم شہزاد نے کہاکہ حکومت نے اپنے اخراجات پرکٹ لگایا ،سرکاری اخراجات کم کئے گئے ،شروعات تو ہوئی نا ں ،پہلے یہی کہا جارہاتھاکہ حکومت کچھ نہیں کررہی ،حکومت کے کفایتی اقدامات کو سراہنا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ذخیر ہ اندوزی روکنے کیلئے پٹرول کی قیمتیں بڑھائیں،حکومت کے فیصلوں پر عمل درآمد ہو تو ماہانہ 300 ملین ڈالر کا فرق پڑسکتا ہے۔
سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت کے اعلانات کی حقیقت کا اندازہ نہیں ،حکومت اس طرح چلتی ہے کیا، وزارتوں کیلئے رکھے گئے فنڈزکو کم نہیں کیا ،جو رقم آپ 2ماہ میں خرچ نہیں کرینگے وہ بعد میں کرلیں گے ،ہونایہ چاہئے تھاکہ حکومت نے ایم این ایز کو 25،25کروڑ روپے فنڈزدینے کااعلان کررکھاہے ان میں کٹوتی کرتی اورانہیں کہہ دیتی کہ مشکل حالات ہیں رقم نہیں دے سکتے ۔حکومت نے وزرا اور مشیروں کے دوماہ کیلئے تنخواہ نہ لینے کا اعلان کیا،افسروں کی 2دن کی سیلری کاٹی ،یہ اچھی بات ہیں تاہم یہ اقدام شہیدوں میں نام لکھوانے کیلئے ہے ،حکومت اب اس اقدام کی تشہیر کیلئے اشتہارات دے گی اور اس پر اتناخرچہ ہوجائے گاجتنی بچت نہیں ہوگی۔