ایم پی ایز کی تنخواہوں ،الائونسز میں 25فیصد کمی کا نوٹیفکیشن

ایم پی ایز کی تنخواہوں ،الائونسز میں 25فیصد کمی کا نوٹیفکیشن

پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کی 70 فیصد سرکاری گاڑیاں بند ،پروٹو کول سکواڈ پر پابندی افطار ڈنرز بھی بند،سپیکر اسمبلی کا تنخواہ نہ لینے ،تمام مراعات ترک کرنے کا اعلان

 لاہور (سیاسی نمائندہ،مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں قومی سطح پر جاری کفایت شعاری مہم کے تحت اہم اقدامات نافذ کر د ئیے گئے ،اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ، سپیکر ملک محمد احمد خاں نے تنخواہ، سرکاری پٹرول سمیت تمام سرکاری مراعات ترک کرنے کا اعلان کیا ہے ،اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں آئندہ دو ماہ کے لیے 25 فیصد کمی کی جائے گی،پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کی 70 فیصد سرکاری گاڑیاں بند رکھی جائیں گی ،پروٹوکول گاڑیوں کے سکواڈ پر پابندی عائد کر دی گئی، قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس غروب آفتاب سے قبل منعقد کرنے اوراجلاسوں کی تعداد محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں دفاتر جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو بند رہیں گے ، تاہم اسمبلی اجلاس کے دنوں میں معمول کے مطابق کام جاری رہے گا۔،رمضان المبارک کے دوران دفتری اوقات کار صبح 9 سے دوپہر 3 بجے تک جبکہ رمضان کے بعد صبح 9 سے شام 5 بجے تک ہوں گے ۔ بجلی کے استعمال میں 70 فیصد کمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، اسمبلی سیکرٹریٹ میں پیپر لیس ورکنگ اپنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ،تمام نئی خریداری فوری طور پر بند کر دی گئی ہے ،جون 2026 تک نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر عائد پابندی کو سختی سے نافذ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے ، سرکاری عشائیوں اور افطار ڈنرز کے انعقاد پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کے 80 فیصد عملے کو گھر سے ورچوئل ڈیوٹی سرانجام دینے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ ضرورت پڑنے پر ایسے ملازمین کو ایک گھنٹے کے نوٹس پر دفتر طلب کیا جا سکے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں