قومی اسمبلی : ایف سی تنظیم نو بل پیش کرنے پر اپوزیشن، متحدہ کا احتجاج : کورم 2 بار ٹوٹا اجلاس ملتوی
ا پوزیشن ارکان نے بل کی کاپیاں پھاڑ دیں ،کورم نشاند ہی پر متحدہ بھی اٹھ کر چلی گئی، اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی ایوان میں دارالحکومت اسلام آباد مقامی حکومت ترمیمی آرڈیننس 2026 پیش،اقبال اکیڈمی ترمیمی بل 2025 منظور
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نامہ نگار،آن لائن) قومی اسمبلی اجلاس کے دوران حکومت اہم قانون سازی کرنے میں ناکام، فرنٹیئر کنسٹیبلری ری آرگنائزیشن بل پیش کرنے پر اپوزیشن اورحکومت کی حلیف جماعت ایم کیو ایم کا شدید احتجاج،کورم کی نشاندہی پر ایم کیو ایم بھی اپوزیشن کے ساتھ باہر نکل گئی،حکومت کو دوبار کورم ٹوٹنے پر سبکی کا سامنا،اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا۔جمعرات کو قومی اسمبلی اجلاس میں حکومت کی جانب سے فرنٹیئر کانسٹیبلری ری آرگنائزیشن بل 2025 ضمنی ایجنڈے کے طور پر پیش کیا گیا جس پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا اس موقع پر بل میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سید نوید قمر کی جانب سے پیش کی جانے والی ترامیم کثرت رائے سے منظور کر لی گئیں۔
اجلاس کے دوران حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم نے بھی ضمنی ایجنڈے پر بل کی منظوری کے خلاف احتجاج کیا ،ا پوزیشن اراکین نے بل کی کاپیاں پھاڑ دیں اس موقع پر جے یوآئی کے رکن اسمبلی نور عالم خان نے کورم کی نشاندہی کی تاہم ڈپٹی سپیکر کی جانب سے توجہ نہیں دی گئی،جس پر اپوزیشن اراکین نے ایوان میں کورم کورم کے نعرے لگانے شروع کردئیے ، اس موقع پر پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی شاہد خٹک نے کورم کی نشاندہی کر دی جس پر ڈپٹی سپیکر کا ایوان میں گنتی کا حکم دیدیا۔
اس موقع پر پی ٹی آئی جے یو آئی اور ایم کیو ایم اراکین ایوان سے باہر چلے گئے اور کورم نامکمل ہونے پر قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں دارالحکومت اسلام آباد مقامی حکومت ترمیمی آرڈیننس 2026 پیش کر دیا گیا۔ آرڈیننس وزیر پارلمانی امور ڈاکٹر طارق فضل نے پیش کیا۔طارق فضل نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ترمیمی بل 2026 ایوان میں پیش کیا جسے ڈپٹی سپیکر نے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔ ایوان نے اقبال اکیڈمی ترمیمی بل 2025 منظور کر لیا۔ بعد ازاں اجلا س غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا گیا۔