ایران کسی صورت سعودی عرب کو ٹارگٹ نہ کرے ،رانا ثنا اللہ
سعودی عرب کے ساتھ ہم دفاعی معاہدے میں ہیں اور ہم اس کے پابند ہیں ٹیسوری کا تقررنگراں دورمیں ہوا ، انوار الحق بتا سکتے ہیں سفارش کس کی تھی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے ایران کسی صورت مسلمان ممالک خاص طور پر سعودی عرب کو ٹارگٹ نہ کرے ، ہماری قیادت پوری طرح سے مسلم ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے ۔ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ایرانی صدر سے گفتگو ہوئی اور اسی سلسلے میں سعودی عرب گئے ، سعودی عرب کے ساتھ ہم دفاعی معاہدے میں ہیں اور ہم اس کے پابند ہیں، امید ہے سعودی عرب اور ایرانی صدر سے بات کے بعد معاملات بہتر ہوں گے ،مزید کہا کہ سعودی عرب کی اچھی پالیسی ہے کہ خود ردعمل کا اظہار نہیں کررہے ، سعودی عرب خود ری ایکٹ نہیں کررہا تو دوسرے سے ایسی خواہش کا اظہار کیوں کرے گا؟ انہوں نے کہا کہ افغانستان پر قبضہ کرنا نہ ان کا نقصان چاہتے ہیں ہم تو اپنا نقصان ہونے سے روکنا چاہتے ہیں۔گورنر سندھ کے معاملے پر رانا ثنا نے کہا طے ہوا تھا کہ بلوچستان اور سندھ کا گورنر ن لیگ سے ہوگا، ایم کیو ایم سے کبھی یہ وعدہ نہیں تھا کہ گورنر سندھ ایم کیو ایم کا ہوگا، کامران ٹیسوری نگراں حکومت سے چلے آرہے تھے تو فوری تبدیل کرنا ضروری نہیں سمجھا گیا، اب ایسی صورتحال پیدا ہوئی کہ گورنر کو تبدیل کرنا پڑا، کامران ٹیسوری کا تقررنگراں سیٹ اپ میں ہوا تھا ، انوار الحق کاکڑ بتا سکتے ہیں کہ ان کا تقرر کس کی سفارش پر ہوا۔