سالانہ ترقیاتی پروگرام ترقی کا روڈ میپ ہوگا : سہیل آفریدی
اجلاس ، فنڈز ،اخراجات بارے بریفنگ ، وزیراعلیٰ کی پی سی ون مکمل کرنیکی ہدایت پسماندہ اضلاع میں روزگار تعلیم، صحت دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا ،گفتگو
پشاور (آئی این پی )وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے تمام صوبائی محکموں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام 27-2026میں شامل ترقیاتی سکیموں کے پی سی ون جون 2026 تک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرا م صوبے کی ہمہ جہت ترقی کا روڈ میپ ہوگا جس میں پسماندہ اضلاع اولین ترجیح ہوں گے ۔ پختونخوا ہائوس اسلام آباد میں بذریعہ ویڈیو لنک محکمہ پلاننگ و ڈویلپمنٹ کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ نئے سال کے ترقیاتی منصوبوں میں امن و امان ، روزگار کے مواقع، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو خصوصی ترجیح دی جائے گی ۔ اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سکیموں کے لئے جاری فنڈز اور اخراجات، اگلے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کے ابتدائی مسودے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔