آپریشن غضب للحق :قندھار ایئر فیلڈ آئل سٹوریج سائٹس تباہ

آپریشن غضب للحق :قندھار ایئر فیلڈ آئل سٹوریج سائٹس تباہ

ڈرون حملوں سے نقصان کا بھارتی اورافغان پراپیگنڈا جھوٹا :وزارت اطلاعات ڈورنز کو جدید آلات سے تباہ کردیا:آئی ایس پی آر،افغان رہنما کابل سے فرار

اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک ) آپریشن غضب للحق کے تحت پاک فوج کی افغانستان میں کارروائی کے دوران قندھار ایئر فیلڈ آئل سٹوریج سائٹس تباہ کردی گئیں جبکہ وزارت اطلاعات و نشریات نے فتنہ الخوارج کی جانب سے پاکستان پر ڈرون حملوں میں نقصان کادعویٰ من گھڑ ت قرار دے کر افغان طالبان رجیم اور بھارتی سوشل میڈیا کی جانب سے جھوٹا پراپیگنڈا بے نقاب کردیا،آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کے ڈرونز حملوں کی کوشش کو ناکام بنا دیا جبکہ ڈرونز کا ملبے گرنے سے چند شہری زخمی ہو ئے ۔تفصیلات کے مطابق پاک فوج نے آپریشن غضب للحق کے تحت 12 اور 13 مارچ کی شب قندھار ایئر فیلڈ کی آئل سٹوریج سائٹس کو مؤثر حملوں کے ذریعے تباہ کر دیا ،اس حوالے سے دستیاب ویڈیو میں حملوں سے پہلے اور بعد کے مناظر واضح طور پر دکھائے گئے ہیں ۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن غضب للحق کے تحت کارروائیاں اہداف کے حصول تک جاری رہیں گی ۔وزارت اطلاعات سے جاری بیان کے مطابق افغان طالبان رجیم کی سرپرستی میں سرکردہ فتنہ الخوارج کی جانب سے بھیجے گئے دو ڈرونز کو پاکستانی سکیورٹی فورسز نے کامیابی سے اپنے جدید الیکٹرانک دفاعی آلات سے تباہ کر دیا،حملوں کی اس ناکام کوشش میں کسی بھی عسکری تنصیب کو نقصان نہیں پہنچا، تباہی کے بعد ڈرونز کا ملبہ گرنے کو افغان و بھارتی پراپیگنڈا سیل بڑھا چڑھا کر پیش کرنے لگے جبکہ نام نہاد افغان وزارت دفاع پہلے ہی اس طرح کی من گھڑت اور جھوٹی کہانیاں پھیلانے کیلئے مشہور ہے ۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق 13 مارچ کو افغان طالبان نے پاکستان میں خوف و ہراس پھیلانے کی غرض سے چند ڈرونز استعمال کئے جنہیں تباہ کردیاگیا، ڈرونز کا ملبہ گرنے سے کوئٹہ میں دو بچے جبکہ کوہاٹ اور راولپنڈی میں ایک ایک شہری زخمی ہوا۔افغان طالبان کی اشتعال انگیزیوں کے سامنے پاکستان نہیں جھکے گا، افغان سر زمین سے ہونے والی دہشت گردی ناقابل برداشت اور ناقابل قبول ہے ۔دوسری طرف پاکستان کے جوابی حملوں کے خوف سے افغان طالبان عہدیدار 4 ہیلی کاپٹروں کے ذریعے کابل سے صوبہ غور فرار ہوگئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ طالبان کے متعدد عہدیدار ہفتہ کی صبح چار ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ممکنہ پاکستانی فضائی حملوں کے خوف سے صوبہ غور پہنچے ،افغان میڈیا نے ان ہیلی کاپٹرز کی تصویر بھی جاری کی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں