19 اپریل سے حج آ پریشن شروع عازمین کیلئے 2 ہزار ریال رکھنا لازم

19 اپریل سے حج آ پریشن شروع عازمین کیلئے 2 ہزار ریال رکھنا لازم

اسلام آباد(سید قیصرشاہ)سرکاری وپرائیویٹ حج سکیم کے تحت حج پر جانے والوں کیلئے حجاز مقدس میں سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے پرمکمل پابندی ہوگی، ان کے پاس حجاز مقدس میں قیام کے دوران کم سے کم دو ہزار سعودی ریال اپنے ذاتی اخراجات کیلئے ہونا لازم ہے۔

حج آپریشن کا آغاز 19اپریل (یکم ذی القعد )سے ہوگا، فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد پاکستان کے ایئر پورٹس پر حجاج کرام کو پانچ پانچ لٹر آب زم زم دیا جائے گا، تمام عازمین حج کو سعودی قوانین کی مکمل پابندی کرنا ہو گی۔ پچاس فیصد عازمین براہ راست مدینہ منورہ اورپچاس فیصد مکہ مکرمہ جائیں گے ۔ حج آپریشن اسلام آبادانٹر نیشنل ایئر پورٹ ، لاہور،کراچی ، ملتان ، فیصل آباد ،سیالکوٹ ، پشاور، کوئٹہ اورسکھر ا یئر پورٹس سے شروع ہو گا ۔ پہلے مدینہ منورہ جانے وا لوں کو چالیس نمازیں مسجد نبویؐ میں اداکرنے کے بعد بذریعہ سڑک مکہ مکرمہ پہنچایاجائیگا جبکہ پہلے مکہ مکرمہ جانے والے فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد مدینہ شریف جا ئینگے اور وہیں سے واپس وطن آئیں گے ۔ خواتین عازمین حج کیلئے عبایا لازم ہوگی جس پر پاکستانی پرچم کا سٹکر لگایا جائیگا۔ نجی ٹور آپریٹرز کیخلاف شکایات پرانہیں جرمانہ یا ان کا کوٹہ منسوخ کیا جا ئیگا ۔ رواں سال بھی اسلام آباد و کراچی سے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت عازمین حج کی امیگریشن ہو گی اور عازمین سعودیہ پہنچنے پر بغیر انتظار کے اپنی رہا ئش گاہوں پر جا ئیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں