پنجاب بار کی مداخلت بالکل غیر قانونی :صدر لاہور ہائیکورٹ بار
انڈیپنڈنٹ گروپ نے بلا وجہ تنازع بنایا ،ہم صبر کا مظاہرہ کر رہے :بابر مرتضیٰ بائیو میٹرک مشینوں کے فرنزاک کیلئے تیار ہیں:قاسم اعجاز سمرا ، شفقت چوہان
لاہور(عدالتی رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر بابر مرتضیٰ نے کہا ہے کہ انڈیپنڈنٹ گروپ نے الیکشن نتائج پر بلا وجہ تنازع کھڑا کیا، ہم آج بھی فرانزک کرانے کیلئے تیار ہیں، پنجاب بار کونسل کی مداخلت بالکل غیر قانونی ہے ،یہ ہمیں غصہ دلانا چاہتے ہیں مگر ہم آج بھی صبر کا مظاہرہ کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار قاسم اعجاز سمرا، ممبر پاکستان بار کونسل شفقت محمود چوہان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
صدر ہائیکورٹ بار بابر مرتضیٰ نے مزید کہا کہ وائس چیئرمین پاکستان بار نے ٹی او آرز دینے تھے آج تک نہیں دئیے ، الیکشن کے دن بائیو میٹرک مشینوں کے آئی ٹی انچارج کو اغوا کیا گیا، یہ بائیو میٹرک سسٹم کو لپیٹنا چاہتے ہیں کیونکہ اس میں دھاندلی نہیں ہوسکتی ، ہم بار کی روایت کو پامال نہیں کرنا چاہتے مگر ہمیں مجبور نہ کیا جائے ۔ قاسم اعجاز سمرا نے کہا آج ہم لاہور ہائیکورٹ بار کی 133 سالہ تاریخ کے انتہائی گھٹیا ایشو پر پریس کانفرنس کیلئے بیٹھے ہیں، پولنگ ڈے پر بلا وجہ تنازع کھڑا کیا گیا، ہم بائیو میٹرک مشینوں کا فرانزک کرانے کیلئے تیار ہیں۔
شفقت محمود چوہان نے کہا کہ صدر لاہور ہائیکورٹ بار بابر مرتضیٰ کا لائسنس معطل کردیا گیا،یہ سب بند کمروں میں فیصلے کرنا چاہ رہے ہیں ،ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے ،دونوں گروپوں کی مشاورت سے قائم کمیٹی کے اجلاس میں انہوں نے ٹی او آرز پیش ہی نہیں کئے ،بائیو میٹرک سسٹم سے انہیں مسئلہ ہے ،یہ سارے ہتھکنڈے الیکشن کو متنازعہ بنانے کی کوشش ہیں،سسٹم کا فرانزک کرانے کی بجائے صدر کا لائسنس معطل کردیا، بائیو میٹرک سسٹم کا فرانزک ہوگا لیکن سب کے سامنے ہوگا۔