نادرا کا پاک آئی ڈی موبائل ایپ کا نیا اپ گریڈ ورژن متعارف
ویزا درخواست اور بائیو میٹرک تصدیق کا عمل آسان، گھر بیٹھے سہولتیں حاصل
کراچی (این این آئی)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کا نیا اور اپ گریڈ ورژن متعارف کروا دیا ہے جس سے ویزا درخواست اور بائیو میٹرک تصدیق کا عمل مزید آسان ہو گیا ہے ۔ نادرا کی جانب سے جاری بیان اور معلوماتی ویڈیو کے مطابق نئے ورژن میں پاکستان آنے کے خواہشمند غیر ملکیوں اور سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ویزا کا عمل انتہائی سادہ بنا دیا گیا ہے ۔ اب دنیا کے 193 ممالک کے شہری تمام ویزا کیٹیگریز کے لیے ایپ کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں، اور نام، پاسپورٹ نمبر یا تاریخ تنسیخ خود درج کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔درخواست کے دوران ایپ میں اپ لوڈ یا کیپچر کا آپشن استعمال کر کے پاسپورٹ سائز تصویر بنائی جائے گی جسے سسٹم خودکار طور پر سکین کر کے فارم میں درج کر دے گا۔ ایپ کے ہوم پیج پر بائیو میٹرک تصدیق کے لیے الگ سیکشن بنایا گیا ہے تاکہ صارفین کو پیچیدگی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین خونی رشتوں کی تصدیق، گاڑیوں کی منتقلی، وراثت، پاسپورٹ، اسلحہ لائسنس اور پنشنرز کی پروف آف لائف کی تصدیق گھر بیٹھے کر سکیں گے ۔چہرے کی تصویر اور انگلیوں کے نشانات کی تصدیق کا عمل پہلے سے زیادہ تیز اور آسان بنا دیا گیا ہے ۔