جنگ طویل ہوئی تو پاکستان کو مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا:رانا تنویر
کالاشاہ کاکو(نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ اگر امریکا ایران جنگ طویل ہوتی ہے تو پاکستان کو مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔
اپنے ایک بیان میں رانا تنویر نے کہا کہ ہمیں ایران سے سبق سیکھنا چاہئے کہ مشکل وقت میں قوم اور تمام سیاسی جماعتوں کو یکجا ہو نا چاہیے ۔پی ٹی آئی کو پٹرولیم مصنوعات پر سیاست کرنے کی بجائے حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے ۔عوام باشعور ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پوری دنیا میں بڑھی ہیں جبکہ وزیر اعظم نے عوام کو سبسڈی دے کر سارا بوجھ حکومت نے خود اٹھایا ہے اب عوام پی ٹی آئی کے جھانسے میں اور دھرنوں کے لیے نہیں نکلے گی ۔ ایرانیوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا کر اس بات کی تائید کی ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیراور وزیر اعظم شہباز شریف کی بہترین خارجہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ ایران امریکا جنگ میں پاکستان ثالث کا کلیدی کردار ادا کر رہا ہے ۔فیلڈ مارشل اور وزیر اعظم کی ہر میدان ، چاہے وہ عسکری ہو یاسفارتی ان دونوں کی بہترین پالیسیوں کی بدولت آج پاکستان ایک بہتر مقام پر کھڑا ہے اور دنیا اس کو عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔پاک بھارت جنگ میں پاکستان نے اپنی پروفیشنل فوجی قوت کا مظاہرہ کیا اور بھارت کو دھول چٹائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایران ہمارابرادر ملک ہے اس کی جغرافیائی اور سالمیت پراسرائیل نے حملہ کیاہے ، پاکستان نے اس کی بھرپور مذمت کی ہے ۔