پٹرولیم سبسڈی:حکومت فون خریداری میں مدد کرے گی

پٹرولیم سبسڈی:حکومت فون خریداری میں مدد کرے گی

فونز خریداری، سبسڈی کی نگرانی، تصدیق کی ذمہ داری آئل کمپنیوں کو تفویض کی گئی

 اسلام آباد (ایس ایم زمان)وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، آئل مینوفیکچرنگ کمپنیوں کو پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی کی نگرانی کے لیے سمارٹ اینڈرائیڈ فونز کی خریداری میں مدد کرے گی۔ وفاقی حکومت نے موٹر بائیک کے لیے پٹرول پر دی گئی سبسڈی کی نگرانی و تصدیق کے لیے وزارت آئی ٹی کو ڈیجیٹل سسٹم تیار کرنے کی ہدایت دی اور سبسڈی کی نگرانی و تصدیق کی ذمہ داری آئل کمپنیوں کو دی ہے ۔ ڈیجیٹل سسٹم کے تحت ملک بھر کے تیرہ ہزار سے زیادہ پٹرول پمپس پر دو سمارٹ اینڈرائیڈ فونز فراہم کیے جائیں گے جن سے موٹر بائیک والوں کی تصدیق کی جائے گی تاکہ ایندھن کی فراہمی اور اس کے استعمال کا عمل شفاف، منظم اور قابلِ نگرانی بنایا جا سکے ۔ ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد سرکاری اور متعلقہ اداروں میں ایندھن کا استعمال جدید ڈیجیٹل نظام کے تحت لانا ہے جس کے ذریعے فیول کی تقسیم، ریکارڈنگ اور نگرانی کا عمل بہتر بنایا جا سکے گا۔ آئل مینوفیکچرنگ کمپنیاں اپنے وسائل سے موبائل فونز کی خریداری کر کے پٹرول پمپس پر فراہم کریں گی۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف ایندھن کے استعمال میں شفافیت آئے گی بلکہ سرکاری وسائل کے ضیاع کی روک تھام اور مالی نظم و ضبط کو فروغ ملے گا۔ ڈیٹا کی بروقت دستیابی سے فیصلہ سازی کا عمل تیز اور مؤثر بنایا جا سکے گا۔ نظام کے نفاذ سے انتظامی کارکردگی میں بہتری اور سرکاری اداروں میں احتساب و شفافیت بہتر ہو گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں