حافظ نعیم سے ایرانی سفیر کی ملاقات، خطے کی صورتحال پر گفتگو

 حافظ نعیم سے ایرانی سفیر کی ملاقات، خطے کی صورتحال پر گفتگو

ایرانی قوم کی استقامت و جرأت کو سراہتے ہیں :امیر جماعت اسلامی پاکستان حمایت پر پاکستانی قوم، حکومت اور جماعت اسلامی کے مشکورہیں:رضا امیری

اسلام آباد ،لاہور(اپنے رپورٹرسے ،سٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سے گزشتہ روز ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی ہے ۔اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی کے دفتر میں ہونے والی ملاقات کے دوران امریکا اور اسرائیل کی ایران پر مسلط جنگ اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔امیر جماعت اسلامی نے ایرانی قوم کی استقامت اور شجاعت کو سراہا جبکہ ایرانی سفیر نے پاکستانی قوم، حکومتِ پاکستان اور بالخصوص جماعت اسلامی کے دوٹوک اور واضح مؤقف پر شکریہ ادا کیا۔حافظ نعیم الرحمٰن نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم اپنے ایرانی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے ،موجودہ علاقائی صورتحال میں مسلم ممالک کو اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور امریکا کو ایران پر حملے بند کرنے کے ساتھ ساتھ پورے خطے میں اپنے اڈے بھی ختم کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ فلسطین اور مسجد اقصیٰ کی آزادی اور ایک خودمختار ریاست کے قیام تک جدوجہد جاری رہے گی،جماعت اسلامی ایران اور فلسطین پر اسرائیلی و امریکی جارحیت کیخلاف نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں مضبوط اور توانا آواز بلند کرتی رہے گی۔ ایرانی سفیر نے جماعت اسلامی کے اتحاد امت کے کردار اور اقامت دین کی جدوجہد کی تحسین کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں