زیر التوا منصوبوں میں تاخیر ناقابل برداشت

زیر التوا منصوبوں میں تاخیر ناقابل برداشت

کراچی (آن لائن) وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے ) کے کراچی ریجنل آفس کا دورہ کیا اور اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سندھ میں جاری بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر کو صوبے بھر میں شاہراہوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی، جبکہ انتظامی رکاوٹوں کے خاتمے اور سیکیورٹی امور کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ آپریشنز کو مزید مؤثر بنایا جا سکے ۔عبدالعلیم خان نے زیر التوا منصوبوں کو تیز کرنے کیلئے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اب کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں این 120، این 110، این 5، این 55 اور ایم 6 موٹروے سمیت اہم شاہراہوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پلوں کی مرمت اور توسیع سے متعلق اہم فیصلے بھی کیے گئے جبکہ ٹول ٹیکس نظام کو بہتر بنانے کیلئے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ تعمیراتی معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا اور عوامی وسائل کے درست استعمال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے سندھ میں ہائی ویز کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی ٹیموں کی تشکیل کی منظوری بھی دی۔عبدالعلیم خان نے ایم 6 موٹروے کے پروکیورمنٹ عمل کو جدید بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ احتساب اور کارکردگی این ایچ اے کے بنیادی اصول ہیں اور عوامی خدمت میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں