مشرق وسطیٰ جنگ بندی کیلئے پاکستانی کوششوں کے حامی:چین
فوری جنگ بندی اور مذاکرات کی بحالی، عالمی برادری کی مشترکہ خواہش ہے
بیجنگ(اے پی پی)چین نے مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کی بحالی عالمی برادری کی مشترکہ خواہش ہے۔ سی جی ٹی این کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماو نینگ نے معمول کی پریس بریفنگ میں مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر چین کا موقف بیان کیا۔ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ فوری جنگ بندی اور مذاکرات کی بحالی، عالمی برادری کی مشترکہ خواہش ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین ہر اس کوشش کا خیرمقدم کرتا ہے جو امن کے قیام میں مددگار ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ متعلقہ فریق امن کے اس موقع سے فائدہ اٹھائیں گے ، اختلافات کو بات چیت کے ذریعے کم کریں گے اور جلد از جلد جنگ کو ختم کریں گے ۔ ترجمان نے کہا کہ چین اس عمل میں تعمیری کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے ۔