ای سی سی:ویکسین پروگرام،تعلیمی شعبے کیلئے 4.8ارب منظور
چھالیہ درآمدی پالیسی میں اصلاحات منظور،نیوٹیک پروگرام کو تقویت دینے کا فیصلہ
اسلام آباد ( آن لائن ) وفاقی وزیر خزانہ کی صدارت میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا جس میں اہم ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ویکسین پروگرام کے لیے 2.8 ارب روپے کی منظوری دی گئی جس سے تقریباً 80 لاکھ بچوں کو فائدہ پہنچے گا۔ ای سی سی نے چھالیہ (بیٹل نٹ) کی درآمدی پالیسی میں اصلاحات کی بھی منظوری دی اور فیصلہ کیا کہ پری شپمنٹ انسپکشن لازمی ہو تاکہ درآمدی نظام کو مزید سخت بنایا جا سکے ۔ اس کے علاوہ ایئرپورٹس سکیورٹی فورس کے لیے 30 کروڑ 60 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی تاکہ عملے کی تنخواہوں اور وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔وزارت خزانہ نے بتایا کہ وزیرِ اعظم کے امدادی پیکیج کے تحت ایل پی آر اور دیگر الاؤنسز کی ادائیگیاں بھی ممکن ہوں گی۔ تعلیم کے شعبے کے لیے 2 ارب روپے کی اضافی گرانٹ منظور کی گئی جس سے دانش سکول کوری اسلام آباد اور یوتھ سکل پروگرام کے فنڈز مختص ہوں گے ۔اجلاس میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے نیوٹیک پروگرام کو مزید تقویت دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ ای سی سی نے فنڈز کے شفاف استعمال کے لیے سخت مانیٹرنگ کی ہدایت دی ۔