ننکانہ ،مریدکے میں حادثات،میاں بیوی سمیت5جاں بحق
موٹروے ایم 3 پر بس سڑک کنارے ورج میں جاگری ، 3 جاں بحق، 26 زخمی جی ٹی روڈ پر کھوڑی میں کارکی ٹکر سے موٹرسائیکل سوارسائرہ ،کامران دم توڑگئے
لاہور،ننکانہ صاحب، مریدکے ،قصور( کرائم رپورٹر،خبر نگار،نمائندگان ،نامہ نگار )ننکانہ اورمریدکے میں حادثات کے دوران میاں بیوی سمیت5افرادجاں بحق اور26زخمی ہوگئے ۔بتایاگیاہے کہ موٹر وے ایم 3 پر ننکانہ صاحب کے قریب علی پور سے لاہور جانیوالی مسافر بس ڈرائیورکواونگھ آنے کے باعث سڑک کے کنارے ورج میں جاگری جس سے 3 افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہو گئے ۔ترجمان سنٹرل ریجن کے مطابق زخمی ہونے والے 24 افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے ،2 مسافر شدید زخمی ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔ اطلاع ملتے ہی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ڈپٹی کمشنر تسلیم اختر راؤ اور ڈی آئی جی موٹروے پولیس عمران شاہد موقع پر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرتے رہے ، موٹروے پولیس نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیا ۔ ادھر مریدکے کے قریب جی ٹی روڈ پر کھوڑی کے مقام پر تیز رفتار کار سے تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار میاں بیوی شدیدزخمی ہوئے جنہیں فوری تحصیل ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں35 سالہ سائرہ کامران دم توڑ گئی جبکہ 38 سالہ کامران اسلم کو تشویشناک حالت میں لاہور منتقل کیا گیا مگر وہ بھی جانبر نہ ہو سکا۔ دونوں شادی کی تقریب سے فارغ ہو کر کامونکی واپس جا رہے تھے ۔دریں اثنا قصور میں الہ آباد دیپالپور روڈ پر اے سی کوسٹر بے قابوہوکر الٹ گئی جس سے 9 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے ایک شخص جاوید اقبال کی حالت تشویشناک ہے ۔