امریکی ناظم الامور کی وزیر داخلہ سے ملاقات : غیرملکی مہمانوں کی فول پروف سکیورٹی کا پلان تیار : محسن نقوی

امریکی ناظم الامور کی وزیر داخلہ سے ملاقات : غیرملکی مہمانوں کی فول پروف سکیورٹی کا پلان تیار : محسن نقوی

مذاکرات، سکیورٹی انتظامات پرتفصیلی بات چیت،وینس، وٹکوف ،کشنر خصوصی مہمان ہوں گے :وزیر داخلہ پاکستان کی امن و امان کیلئے مخلصانہ کوششیں اور تعمیری کردار لائق تحسین :نیٹلی بیکر ، جنگ بندی کا خیرمقدم

 اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے پاکستان میں امریکی ناظم الامورنیٹلی بیکر نے اہم ملاقات کی، جس میں مشرقِ وسطی کی موجودہ صورتحال، اسلام آباد میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے مذاکرات اور سکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ملاقات کے دوران مشرقِ وسطی کی کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، جہاں دونوں رہنمائو ں نے حالیہ جنگ بندی کے عمل کا خیر مقدم کیا۔ امریکی ناظم الامورنے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے مضبوط سفارتی کردار کو سراہا اور اسے خطے کے استحکام کے لیے کلیدی قرار دیا۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ اسلام آباد میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے مذاکرات کی تیاریاں مکمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، سٹیووٹکوف اور کشنر پاکستان کے خصوصی مہمان ہوں گے ، تمام غیر ملکی مہمانوں کو ہر لحاظ سے فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے ایک جامع پلان مرتب کر لیا گیا ، جس پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا ۔امریکی سفیر نے پاکستان کی جانب سے امن و امان کے لئے مخلصانہ کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں