پنجاب کو جدید بنانا ترجیح، ٹیکنالوجی سے عوام کو سہولتیں دینگے : مریم نواز

پنجاب کو جدید بنانا ترجیح، ٹیکنالوجی سے عوام کو سہولتیں دینگے : مریم نواز

دستاویزات گمشدگی رپورٹ کیلئے پنجاب پولیس پاکستانایپ کاافتتاح ، وسائل ،وقت دونوں کی بچت ہوگی:وزیراعلیٰ مریم نواز کے حکم پر جھیکاگلی میں لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ گھرانوں کیلئے امدادی سرگرمیوں کا آغاز،رہائشوں کا انتظام

لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب پولیس پاکستان ایپ کا افتتاح کر دیا،جس سے پنجاب کے شہری شناختی کارڈ، پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس اور دیگر ضروری کاغذات کی گمشدگی رپورٹ کا گھر بیٹھے اندراج کر اسکیں گے ۔مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کے لئے آسانی پیدا کرنا ہمارا عزم ہے ،پنجاب کو جدت کی راہ پر گامزن کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ،اس ایپ کے ذریعے گمشدگی رپورٹ درج کرانے پر وسائل اور وقت دونوں کی بچت ہوگی۔ پنجاب پولیس پاکستان ایپ پر اندراج کے بعد گمشدگی رپورٹ بھی گھر پر ہی موصول ہو گی۔

دوسری طرف وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ارکان اسمبلی اور ضلعی انتظامیہ مری جھیکا گلی متاثرین کے پاس پہنچ گئے اور لینڈ سلا ئیڈنگ سے متاثرہ گھرانوں کے لئے فوری امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا گیا جبکہ متاثرہ گھرانوں کے لئے بہترین عارضی رہائش کا انتظام بھی کر دیاگیا ،لنچ بکس اور دیگوں میں کھانا اور دیگر سہولتیں بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ جھیکا گلی کے علاقے میں ڈرین کی صفائی کے لئے لیبر سرگرم عمل ہے ۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جھیکا گلی میں متاثرہ گھر وں کا ابتدائی تخمینہ مکمل کر لیا گیا ہے ۔ مریم نواز نے ملتان میں ٹرک اور رکشے کے تصادم میں 4 افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اورزخمیوں کی بہترین دیکھ بھال کا حکم دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں