پاکستان دنیا میں امن کا داعی بن کر ابھرا :نواز شریف

پاکستان دنیا میں امن کا  داعی بن کر ابھرا :نواز شریف

لاہور (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک )مسلم لیگ (ن)کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ آج دنیا میں پاکستان نے منفرد مقام حاصل کرلیا اور امن کا داعی بن کر ابھرا ہے۔

ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی عالمی امن کیلئے خوش آئند پیشرفت ہے ، پاکستان نے ذمہ دار ریاست کا کردار ادا کرتے ہوئے امن کے قیام میں اہم حصہ ڈالا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنر سندھ نہال ہاشمی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں،قبل ازیں گورنر سندھ بننے کے بعد نہال ہاشمی پہلی بار لاہور پہنچ گئے اور انہوں نے پارٹی قیادت سے ملاقات کی، اس دوران سندھ میں پارٹی پوزیشن اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا ،نواز شریف نے انہیں ظہرانہ بھی دیا جبکہ قائد مسلم لیگ (ن)نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف،وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بے مثال سفارتی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ایران اور امریکا کا مذاکرات کے ذریعے حل کی جانب آنا خوش آئند ہے ، عالمی تنازعات کا حل جنگ نہیں بلکہ سفارتکاری اور مذاکرات میں ہے ۔

نواز شریف نے کہا کہ پاکستان نے ایک بار پھر دنیا کو امن کا پیغام دیا، موجودہ حکومت نے پاکستان کا عالمی امیج بہتر کیا، پاکستان کی کوششیں خطے میں استحکام لانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گی، عالمی برادری کو چاہیے امن کے اس موقع سے فائدہ اٹھائے ، دعا ہے کہ یہ جنگ بندی مستقل عالمی امن کی بنیاد بنے ، پاکستان نے ثابت کیا کہ وہ مشکل حالات میں بھی مثبت کردار ادا کر سکتا ہے ۔اس موقع پر گورنر سندھ نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے کردار اور کامیابی پرمسلم لیگ ن کے قائدین کو مبارکباد پیش کی۔ نہال ہاشمی نے اعتماد کے اظہار پر نواز شریف کا شکریہ بھی ادا کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں