روہڑی:صالح پٹ کے گاؤں میں مبینہ خسرے سے 8اموات

روہڑی:صالح پٹ کے گاؤں میں مبینہ خسرے سے 8اموات

2بھائی بھی شامل، سپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر کا نوٹس، طبی ٹیمیں پہنچ گئیں

 روہڑی(نمائندہ دنیا)سکھر کی تحصیل صالح پٹ اور اس کے نواحی دیہات میں خسرے اور خارش کے باعث 2 بھائیوں سمیت 8 معصوم بچے زندگی کی بازی ہار گئے ، گاؤں چوہدری لیاقت علی آرائیں، گوٹھ شہباز ڈنو کھورکھانی اور گوٹھ ساون خان بچل شاہ میں چند روز  کے دوران اموات ہوئیں، متاثرہ خاندانوں کے مطابق مناسب طبی سہولیات نہ ملنے کے باعث یکے بعد دیگرے کئی گھروں کے چراغ گل ہوگئے ، فوت ہونے والے معصوم بچوں میں رحمن علی ولد پرویز علی آرائیں، شکیل ولد جھور مارواڑی، وکرم ولد جھور مارواڑی، اقصیٰ ولد محمد حفیظ کھورکھانی، مسمات پنیل خاتون زوجہ ارشاد کھورکھانی، بریرہ دختر عبدالسلام آرائیں، مزمل حسین ولد مہر علی کھورکھانی اور خوشی محمد ولد مہر علی کھورکھانی شامل ہیں، والدین اپنے لخت جگر کی جدائی کا صدمہ برداشت کرنے سے قاصر ہیں۔ اہل علاقہ کے مطابق مزید کئی بچے خسرے اور خارش کی خطرناک علامات میں مبتلا ہیں۔ اہل علاقہ نے میڈیکل ٹیمیں بھیجنے کا مطالبہ کیا جس پراسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو علاقے میں ٹیمیں بھیجنے کی ہدایات دیں جس پر ٹیموں نے پہنچ کر متاثرہ بچوں کو طبی امداد فراہم کی اور زیادہ متاثرہ بچوں کو سکھر کے چلڈرن، سول اسپتالوں میں ریفرر کردیا، جبکہ روہڑی کے ٹاؤن کندھرا کے گردنواح میں خسرہ اور خارش کی بیماری سے بچوں کے فوت اور متاثر ہونے کی اطلاعات آرہی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں