ملک بھرمیں مزیدبارشوں،پہاڑوں پربرفباری کاالرٹ
تیزہوائیں،آندھی جھگڑے چلنے اورژالہ باری کاامکان،مسافروں کواحتیاط کی ہدایت
اسلام آباد(دنیا نیوز)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )نے ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا۔اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی جھکڑ کے ساتھ مزید بارش اور متعدد مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے ،جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے ۔خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، کالام، منگورہ، بٹگرام اور مانسہرہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے متعدد شہروں لاہور، فیصل آباد، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین میں بھی آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ، بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، ژوب، لورالائی سمیت متعدد شہروں میں آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔این ڈی ایم اے نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں، کھڑی فصلوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار، ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے مسافراحتیاط کریں۔