پہلی سے دسویں تک کے طلبہ کتابوں سے محروم، تعلیم متاثر
اردو، انگلش، ریاضی، اسلامیات کی کتابیں مارکیٹ میں نایاب ،والدین، طلبہ پریشان بروقت ایلوکیشن نہ ہونے کے باعث کتابوں کی پرنٹنگ متاثر اوربحران پیداہوا:ذرائع
لاہور (عاطف پرویز سے )پنجاب میں تعلیمی سال کا آغاز ہوئے ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے ، لیکن تاحال پہلی سے دسویں جماعت تک کی متعدد درسی کتب مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہو سکیں، جس کے باعث طلبہ کی تعلیم متاثر ہونے لگی ہے ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں درسی کتب کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے ، جہاں پہلی سے دسویں جماعت تک کی متعدد کتابیں مارکیٹ سے غائب ہیں۔ اردو کی پہلی، پانچویں، چھٹی اور دسویں جماعت کی کتابیں دستیاب نہیں، جبکہ اسلامیات کی تیسری سے ساتویں اور نویں جماعت کی کتب بھی نایاب ہو چکی ہیں۔
ریاضی کی پہلی، تیسری، پانچویں، چھٹی، ساتویں، آٹھویں اور دسویں جماعت کی کتابوں کی بھی شدید کمی ہے ، جبکہ انگلش کی کئی جماعتوں کی کتب بھی مارکیٹ میں دستیاب نہیں۔ جغرافیہ اور ترجمہ القرآن کی کتابیں بھی طلبہ کو نہیں مل رہیں، جس سے تعلیمی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔والدین کا کہنا ہے کہ بچے سکول جا رہے ہیں مگر کتابیں نہیں مل رہیں، جس پر وہ شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ طلبہ نے بتایا کہ اساتذہ ہوم ورک دیتے ہیں لیکن ان کے پاس کتابیں موجود نہیں۔ذرائع کے مطابق بروقت ایلوکیشن نہ ہونے کے باعث کتابوں کی پرنٹنگ متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں یہ بحران پیدا ہوا۔