عمران کی قید تنہائی انسانی حقوق کی خلاف ورزی :وکلارہنما

عمران کی قید تنہائی انسانی حقوق کی خلاف ورزی :وکلارہنما

انسانی حقوق کاتحفظ فرض، حکومت عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہی :حامد خان بانی کی صحت پرتشویش، سیاسی ڈائیلاگ وقت کی ضرورت ہے :بابر مرتضیٰ خان سال میں صرف ایک ملاقات ہوئی ،معاملہ سنگین:سلمان صفدر، لطیف کھوسہ ودیگر

 لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر حامد خان نے کہا کہ انسانی حقوق کا تحفظ کرنا وکلاء کا فرض ہے ، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے اور حکومت ان سے متعلق عالمی قوانین کی خلاف ورزی بھی کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قید تنہائی کسی بھی قیدی کو نہیں دی جا سکتی اور بانی پی ٹی آئی  اس وقت سب سے بڑے سیاسی قیدی ہیں۔صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن بابر مرتضیٰ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت اور قید تنہائی پر گہری تشویش ہے ، بغیر کسی آرڈر کے کسی قیدی کو تنہائی میں نہیں رکھا جا سکتا اور ہر قیدی کو بنیادی حقوق فراہم کیے جانے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور دیگر قیدیوں کو تمام سہولیات میسر تھیں، جبکہ ملک میں سیاسی ڈائیلاگ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔صدر لاہور بار ایسوسی ایشن عرفان حیات باجوہ نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے بانی پی ٹی آئی کی فیملی ممبرز سے ملاقات بند کر دی گئی ہے ، حالانکہ قانون کے مطابق کسی کو بغیر عدالتی فیصلے کے قید تنہائی میں نہیں رکھا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایک 72 سالہ شخص کو بغیر علاج کے قید تنہائی میں رکھنا بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار قاسم اعجاز سمرا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو طویل عرصے سے قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔

جو آئین میں دئیے گئے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے ، ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ قید تنہائی کسی بھی قیدی کے لیے سخت سزا ہوتی ہے ، ہم نے عدلیہ کی آزادی کے لیے جدوجہد کی، مگر اس وقت انصاف کی راہ میں رکاوٹیں ہیں۔ تیرہ ماہ سے بانی پی ٹی آئی کی سزا معطلی کا کیس نہیں سنا جا رہا۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ اس سال بانی پی ٹی آئی سے صرف 65 منٹ کی ایک ملاقات ہوئی ہے اور ان کی آنکھ کی تکلیف میں بھی بہتری نہیں آئی۔ بانی پی ٹی آئی کو روزانہ 22 گھنٹے قید تنہائی میں رکھا جاتا ہے اور یہ معاملہ نہایت سنگین ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں