علی بابا کی ذیلی کمپنی کوکو ٹیک پاکستان کو لائسنس جاری
سرمایہ کاری ملک کے ڈیجیٹل مالیاتی نظام کے فروغ کیلئے اہم پیشرفت قرار پاکستانی مارکیٹ میں مسابقت وجدت کو فروغ ملے گا:ٍچیئرمین ایس ای سی پی
اسلام آباد (اے پی پی)سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)نے کوکو ٹیک پاکستان (پرائیویٹ)لمیٹڈ کو پاکستان میں نان بینکنگ فنانس کمپنی کا لائسنس جاری کر دیا۔کوکو ٹیک پاکستان بین الاقوامی شہرت یافتہ کمپنی علی بابا کی ذیلی کمپنی ہے اور پاکستانی صارفین کو قسطوں پر اشیا کی خریداری کیلئے ڈیجیٹل مالیاتی خدمات فراہم کرے گی۔ علی بابا دنیا کی صف اول کی ای کامرس اور ٹیکنالوجی کمپنیوں میں شامل ہے ۔کمپنی کی پاکستان میں سرمایہ کاری ملک کے ڈیجیٹل مالیاتی نظام کے فروغ کیلئے ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
علی بابا کی بین الاقوامی شہرت، تجربے اور مالی وسائل کی بدولت کوکو ٹیک پاکستان چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو معاونت فراہم کرے گی اور ملک میں جدید ای کامرس کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ علی بابا گروپ جیسے بڑے ای کامرس ادارے کی شمولیت سے پاکستانی مارکیٹ میں مسابقت اور جدت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش منزل ہے ۔