حسن ابدال میں وساکھی میلہ، ہزاروں سکھ یاتریوں کی شرکت

 حسن ابدال میں وساکھی میلہ، ہزاروں سکھ یاتریوں کی شرکت

پاکستان سکھوں کا پہلا گھر، مذہبی آزادی مکمل حاصل ہے :رمیش سنگھ اروڑہ حکومت اقلیتوں کے تحفظ کیلئے عالمی معیار کے اقدامات کر رہی :سردار یوسف

 لاہور (خبر نگار)گورودوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں 327ویں عالمی وساکھی میلے کی مرکزی اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف تھے ، جبکہ صوبائی وزیر اقلیتی امور و پردھان پاکستان سکھ گورودوارہ پر بندھک کمیٹی رمیش سنگھ اروڑہ نے خصوصی شرکت کی۔تقریب میں کینیڈا اور اقوام متحدہ کے سفیروں سمیت عالمی وفود اور بھارت سے آئے 2200 سے زائد یاتریوں سمیت ہزاروں افراد شریک ہوئے ۔صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے اپنے کلیدی خطاب میں دنیا بھر سے آئے یاتریوں کو "جی آیاں نوں" کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان سکھوں کا دوسرا نہیں بلکہ "پہلا گھر" ہے کیونکہ سکھ مت کا آغاز اسی پاک دھرتی سے ہوا۔انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خصوصی ہدایت پر یاتریوں کے لیے قیام و طعام کے شاندار انتظامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا داعی ہے اور کشیدہ تعلقات کے باوجود ہزاروں ویزے جاری کرنا ملک کی امن دوستی کا ثبوت ہے ۔ بھارتی حکومت کو چاہیے کہ کرتارپور کوریڈور کو مکمل طور پر کھولا جائے تاکہ محبتوں کا سفر جاری رہے ۔وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا کہ حکومت پاکستان اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے عملی طور پر کوشاں ہے ، پاکستان میں تمام اقلیتوں کو اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کی مکمل آزادی حاصل ہے ۔ حکومت ملک میں مذہبی رواداری، امن اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے جامع پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ سکھ یاتریوں نے بہترین انتظامات پر حکومت پاکستان اور متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں