7500 دیہات مثالی گائوں بنانے کی منظوری، وسائل پر سب کا مسادی حق : مریم نواز

7500  دیہات مثالی گائوں بنانے کی منظوری، وسائل پر سب کا مسادی حق : مریم نواز

30 جون تک تالابوں کی صفائی کا ہدف مقرر، واٹر فلٹریشن پلانٹ میں خرابی کے فوری ازالے کیلئے ہیلپ لائن 1336 قائم مثالی گاؤں پراجیکٹس کی تکمیل کی ٹائم لائن طلب ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں کوتاہی برداشت نہیں ہوگی:وزیراعلیٰ

لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے 7500 دیہات کو دوسرے فیز میں مثالی گاؤں میں بدلنے کی اصولی منظوری دیدی اور کہاہے کہ پینے کا صاف پانی پنجاب کے ہر شہری کا حق ہے ، دیہات کو مثالی گاؤں میں بدلنے کا عزم ہر صورت پورا کریں گے ،دیہات میں بسنے والوں کا وسائل پر مساوی حق ہے ، انہیں یہ حق ضرور دیں گے۔ واٹر فلٹریشن پلانٹ میں خرابی کے فوری ازالے کیلئے ہیلپ لائن 1336 فعال کر دی گئی۔وزیراعلیٰ کی زیرصدارت مثالی گاؤں اور صاف پانی پراجیکٹ پر پیشرفت کاتفصیلی جائز ہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس ہوا جس میں مریم نواز نے مثالی گاؤں پراجیکٹس کی تکمیل کی ٹائم لائن طلب کر لی اور ہر گاؤں کی پہلے اور بعد کی تقابلی ویڈیوز پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے 485 دیہات کو مثالی گاؤں میں بدلنے کے مشن پرتیزی سے کام جاری ہے ۔ مثالی گاؤں پراجیکٹ کے فیز ون کی تکمیل پر 59 ارب روپے سے زیادہ لاگت آئیگی۔ ہر گاؤں میں واٹر سپلائی، سولر سسٹم ٹیوب ویل، گندے پانی کے تالابوں کی صفائی اور ڈرین وغیرہ کور کی جائیگی۔ وزیراعلیٰ نے 7500 دیہات کو دوسرے فیز میں مثالی گاؤں میں بدلنے کی اصولی منظوری دی اور30 جون تک دیہات میں گندے پانی کے تالابوں (چھپڑ)کی صفائی کا ہدف مقرر کر دیا۔ا نہوں نے خوشاب اور چشتیاں میں بوٹلینگ پلانٹ کی جلد تکمیل کی ہدایت کی اور راجن پور میں واٹر سپلائی کلسٹر بیسڈ سکیم 15 مئی تک مکمل کرنے اورخراب واٹر فلٹریشن پلانٹ کی فوری مرمت اور بحالی یقینی بنانے کا حکم دیا۔

مریم نواز نے آلودہ اور خراب ترین علاقوں میں ترجیحاًپینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کی بحالی اور مرمت میں کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔ مریم نواز نے گوجرانوالہ کے نواح میں دو جڑواں بھائیوں کے جوہڑ میں ڈوبنے سے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے اظہارہمدردی اور تعزیت کی جبکہ متعلقہ حکام سے افسوسناک واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں