قیام امن کیلئے پاکستان کا کردار قابلِ تحسین :برطانوی ہائی کمشنر

 قیام امن کیلئے پاکستان کا کردار قابلِ تحسین :برطانوی ہائی کمشنر

جین میریٹ کی کنڈی سے ملاقات ، دوطرفہ تعاون تکنیکی تعاون بڑھانے پر اتفاق گورنر خیبر پختونخوا کے اعزاز میں عشائیہ، روابط کے فروغ کیلئے پرعزم ، فیصل کنڈی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، بدلتی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران توانائی، سلامتی، معدنی وسائل، سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار ترقی کے لئے تکنیکی تعاون اور ادارہ جاتی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا، اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نے گورنر خیبرپختونخوا کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔جین میریٹ نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کے تناظر میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لئے پاکستان کا کردار قابلِ تحسین ہے ۔اس موقع پر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے اور دنیا بھر میں امن و استحکام کیلئے مکالمے اور سفارتکاری کے ذریعے روابط کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے ، پاکستان شروع دن سے ہی خطے میں پائیدار امن کے لئے مذاکراتی عمل پر یقین رکھتا ہے ۔ گورنر خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ صوبے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں، تکنیکی ماہرین اور مختلف شعبوں میں مہارت رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد برطانیہ میں خدمات انجام دے رہی ہے ۔ دریں اثنا گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گیلانی ہاؤس ملتان میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی ،ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، معاشی چیلنجز اور قومی استحکام کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ حالات میں سیاسی ہم آہنگی اور جمہوری تسلسل ناگزیر ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں