کراچی ، لاہور سے 2 پروازیں 500 عازمین لیکر مدینہ پہنچ گئیں
لاہور،کراچی (سیاسی نمائندہ، دنیا نیوز) ملک بھر کے ہوائی اڈوں سے حج پروازوں کا ہفتہ سے باقاعدہ آغاز ہوگیا، لاہور سے پہلی حج پرواز 345 عازمین جبکہ کراچی سے پہلی حج پرواز 155مسافروں کیساتھ روانہ ہوئی۔
پاکستانی عازمینِ حج کی پرواز ہفتہ کو کراچی سے مدینہ پہنچی، جہاں 155عازمین کا پرتپاک اور باوقار استقبال کیا گیا۔اس موقع پر ڈی جی حج جدہ عبدالوہاب سومرو ودیگر نے عازمین کا خیرمقدم کیا۔استقبال کے دوران عازمین پر پھول نچھاور اور تحائف پیش کیے گئے ۔ ادھر لاہور سے پہلی حج پرواز 345 عازمین کو لے کر مدینہ منورہ پہنچی تو اسکاشاندار استقبال کیا گیا۔ پروازکی لاہور سے روانگی کے موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، سعودی سفیر نواف سعید المالکی، وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا اور روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے سربراہ میجر جنرل ڈاکٹر صالح بن سعد المیرابا موجود تھے جنہوں نے عازمین کو رخصت کیا۔کراچی سے پرواز کی روانگی کے موقع پر عازمین کو گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزارت مذہبی امور کے اعلیٰ حکام نے رخصت اور مبارکباد دی۔ گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کراچی ایئرپورٹ پر خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بڑے خوش نصیب لوگ ہیں جو حج پر جا رہے ہیں، تمام عازمین ملکی ترقی، سلامتی اور عوام کیلئے دعا کریں۔گورنر سندھ کا کہنا تھا حج مشکلات کو برداشت کرنے اور صبر کا نام ہے۔