اسلام آباد میں نئی پراپرٹی ویلیوایشن لسٹ جاری، سرکاری قیمتوں میں 15 فیصد تک کمی
ای سیون سوا 2لاکھ ، ایف سکس،سیون 2لاکھ 10ہزار، جی سکس 1لاکھ 80ہزار، جی ایٹ 1لاکھ 20ہزارفی مربع گز مقرر ای بارہ 39ہزار 200، ای الیون 70ہزار تا 1لاکھ، ڈی بارہ 91ہزار، آئی ایٹ میں 1لاکھ 40ہزار روپے فی مربع گز ہوگی بحریہ انکلیو 35ہزار تک ، گلبرگ ریذیڈنشیا 13ہزار 300، غوری ٹاؤن 20ہزار، پارک ویو میں 24ہزار 500ہوگی
اسلام آباد (ایس ایم زمان) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے وفاقی دارالحکومت کی پراپرٹی کی نئی ویلیوایشن لسٹ جاری کرتے ہوئے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے سرکاری قیمتوں میں تقریباً 10 سے 15 فیصد تک کمی کر دی تاکہ تجارتی سرگرمیوں کو دوبارہ فعال بنایا جا سکے ۔ایف بی آر احکامات کے مطابق سیکٹر ای سیون میں اوپن پلاٹ کی قیمت 2 لاکھ 25 ہزار روپے ، ایف سکس اور ایف سیون (بشمول کوہسار مارکیٹ) میں 2 لاکھ 10 ہزار روپے جبکہ ای بارہ میں 39 ہزار 200 روپے فی مربع گز مقرر کی گئی ہے ۔ ای الیون کے مختلف زونز میں قیمتیں 70 ہزار سے ایک لاکھ روپے کے درمیان رکھی گئی ہیں جبکہ ڈی بارہ میں اوپن پلاٹ 91 ہزار اور ڈی تیرہ میں 11 ہزار 200 روپے فی مربع گز مقرر کیا گیا ہے ۔جی سیریز کے علاقوں میں جی سکس کی قیمت ایک لاکھ 80 ہزار روپے ، جی ایٹ ایک لاکھ 20 ہزار، جی نائن ایک لاکھ 30 ہزار اور جی ٹین و جی الیون میں ایک لاکھ 25 ہزار روپے فی مربع گز مقرر کی گئی ہے ۔
مزید برآں جی تیرہ میں 70 ہزار، جی فورٹین میں 31 ہزار سے 63 ہزار جبکہ جی سکسٹین میں قیمت 10 ہزار 500 روپے فی مربع گز مقرر کی گئی ہے ۔آئی سیریز کے سیکٹرز میں بھی قیمتوں میں کمی کرتے ہوئے آئی ایٹ میں اوپن پلاٹ ایک لاکھ 40 ہزار، آئی نائن میں 60 ہزار، آئی ٹین میں 70 ہزار اور آئی الیون میں 28 ہزار روپے فی مربع گز کے نرخ مقرر کیے گئے ہیں جبکہ آئی بارہ، آئی چودہ، آئی پندرہ اور آئی سولہ میں قیمتیں 18 ہزار سے 31 ہزار روپے فی مربع گز کے درمیان رکھی گئی ہیں۔تجارتی مراکز اور بلیو ایریا میں سرمایہ کاری کیلئے جناح ایونیو پر گراؤنڈ فلور دکان کی قیمت ایک لاکھ روپے ، فضلِ حق روڈ پر 50 ہزار روپے اور نیو بلیو ایریا میں ایک لاکھ 5 ہزار روپے فی مربع فٹ مقرر کی گئی ہے ، جبکہ مختلف مارکز میں دفاتر اور فلیٹس کی قیمتیں 8 ہزار سے 45 ہزار روپے فی مربع فٹ کے درمیان رکھی گئی ہیں۔صنعتی علاقوں میں آئی نائن اور آئی ٹین کے پلاٹس 11 ملین روپے فی کنال جبکہ کہوٹہ ٹرائی اینگل میں 8 ملین روپے فی کنال مقرر کیے گئے ہیں۔
نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز اور مضافاتی علاقوں میں بھی قیمتوں کو متوازن کیا گیا ہے جس کے تحت بحریہ انکلیو میں 28 ہزار سے 35 ہزار روپے ، نیول انکریج میں 17 ہزار، زلاج ہاؤسنگ میں 17 ہزار 500، مارگلہ انکلیو میں 38 ہزار 500 اور گلبرگ ریذیڈنشیا میں 13 ہزار 300 روپے فی مربع گز قیمت مقرر کی گئی ہے ۔دیہی اور فارم ہاؤسز والے علاقوں میں چک شہزاد کے فارم ہاؤسز 84 لاکھ روپے فی کنال، ترلائی میں 38 لاکھ 50 ہزار، نیول فارمز میں 17 لاکھ اور گلبرگ گرین میں قبضہ شدہ فارمز ایک کروڑ 12 لاکھ روپے فی کنال مقرر کیے گئے ہیں۔دیگر علاقوں میں گندھارا سٹی 10 ہزار 500، غوری ٹاؤن 20 ہزار، ہمک ٹاؤن 3 ہزار 500، بنی گالہ 24 ہزار 500 اور پارک ویو میں 24 ہزار 500 روپے فی مربع گز کے حساب سے نئی ویلیوایشن جاری کی گئی ہے۔