وزیراعظم، فیلڈ مارشل کی سفارتی کامیابیاں غیرمعمولی ، عظمیٰ بخاری
عالمی برادری نے قیامِ امن کیلئے پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کو دل سے تسلیم کر لیا
لاہور(اسٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ آج پوری دنیا سے شکریہ پاکستان اور تشکر پاکستان کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔ اللہ کے فضل و کرم سے عالمی برادری نے قیامِ امن کیلئے پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کو دل سے تسلیم کر لیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سفارتی محاذوں پر غیر معمولی کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں،وزیراعظم اور فیلڈ مارشل امن کے حقیقی داعی بن کر ابھرے ہیں، یہی وجہ ہے کہ آج عالمی سطح کے ہر فورم پر پاکستان کا پرچم سربلند ہو رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے پاکستان کو عالمی تنہائی کا شکار کرنے کی خواہش رکھنے والے عناصر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سازشی ٹولے کو آج عبرتناک شکست کا سامنا ہے ۔ پاکستان کی ان سفارتی فتوحات سے سرحد پار بھی تکلیف اور کرب کی لہر محسوس کی جا رہی ہے ۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کچھ عناصر ملک دشمنی میں اس حد تک گر چکے ہیں کہ انہیں پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، اللہ ان کے حال پر رحم کرے۔