وزیرداخلہ امریکی سفارتخانے گئے ،نیٹلی بیکرنے کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا
رضاامیری سے ملاقات کے دوران کشیدگی میں کمی لانے کیلئے پائیدار حل کی ضرورت پر زور دیا گیا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے گزشتہ روز اسلام آباد میں تعینات امریکی سفیر نیٹلی بیکراور ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم سے ملاقاتوں میں اسلام آباد میں ایران، امریکا مذاکرات کیلئے کئے گئے انتظامات پربریفنگ دی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔تفصیلات کے مطابق محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں امریکی سفارتخانے کا دورہ کیا اورامریکی سفیر نیٹلی بیکر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک، امریکا تعلقات کے فروغ، خطے کی تازہ ترین صورتحال اور باہمی تعاون کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کیلئے کئے گئے سکیورٹی انتظامات گفتگو کا اہم حصہ رہے ، امریکی سفیر نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان کے مخلصانہ کردار کو سراہا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کیلئے خصوصی سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔
پاکستان اپنے تمام خاص مہمانوں کیلئے فول پروف سکیورٹی یقینی بنا رہا ہے اور اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کی کامیابی کیلئے دعاگو ہیں۔بعدازاں محسن نقوی سے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے بھی ملاقات کی ،جس میں اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے مرحلے کیلئے انتظامات پر گفتگو کی گئی۔ملاقات کے دوران کشیدگی میں کمی لانے کیلئے سفارتی و مذاکراتی چینلز کے ذریعے پائیدار حل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ایرانی سفیر نے کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان کے مثبت و تعمیری کردار کو سراہا۔وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے حالیہ دورہ ایران کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے مرحلے کیلئے تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں، غیر ملکی وفود کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران، امریکا تنازع کے مذاکرات کے ذریعے حل کا داعی ہے ، تنازع کا دیرپا حل ہی خطے کے استحکام و امن کا ضامن ہے ۔