ایران امریکہ مذاکرات جلد ہونے کا امکان، امریکی وفد آج، ایرانی وفد کی بھی جلد آمد متوقع
اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور جلد ہو گا، پاکستان نے سفارتی کوششیں تیز کر دیں۔
مذاکرات کو حتمی شکل دے دی گئی، دونوں ممالک پاکستان آنے پر آمادہ ہیں، ذرائع کے مطابق پاکستان نے فریقین سے رابطہ کر لیا، امریکی وفد آج پاکستان پہنچ جائے گا، ایرانی وفد کی بھی جلد پاکستان آمد متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کا امریکا کے ساتھ مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت کرنے سے انکار
دوسری جانب ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ پاکستان نے امن کے لیے اپنا کردار ادا کیا مگر امریکا پر اعتماد نہیں، مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت کا تاحال کوئی ارادہ نہیں، وفد پاکستان نہیں جائے گا۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ ایران امریکا پر یقین نہیں کرسکتا، ایران اپنے مفادات کا تحفظ جاری رکھے گا، امریکا نے ثابت کر دیا وہ سفارتی عمل کو آگے بڑھانے میں سنجیدہ نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان پھر مرکزِ نگاہ: ایران سے مذاکرات کا اگلا دور اسلام آباد میں ہوگا: ٹرمپ
انہوں نے کہا کہ امریکا نے جارحانہ اقدام کیے، جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کیں، ہمیں اپنی صلاحیتوں پر پورا یقین ہے، امریکا پر اعتماد نہیں، امریکا ماضی سے سبق نہیں سیکھ رہا، موجودہ حالات میں امریکا کے ساتھ بات چیت ممکن نہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ لبنان میں جنگ بندی معاہدے کا حصہ ہے، لبنان میں جنگ بندی کی بنیاد پر ہی ہم نے آبنائے ہرمز کو کھولا تھا، لبنان جنگ بند ی سے متعلق ہم نے امریکی بددیانتی کے کئی اقدامات دیکھے، بددیانتی سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا جنگ بندی کیلئے سنجیدہ نہیں ہے۔