مریم نواز کا بنجرز مینیں آباد کرکے معاشی زونز بنانے کا انقلابی منصوبہ شروع
عالمی معیار کی شرمپ فارمنگ پنجاب کو ایکوا کلچر کا مرکز بنائیگی ، روزگار کے مواقع بڑھیں گے ملک نازبلوچ کو خراج عقید ت ،قوم کی بیٹی ڈٹ جائے تو کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی:وزیراعلیٰ
لاہور(دنیانیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبے کی بنجر زمینوں کو آباد کرکے انہیں معاشی زونز میں تبدیل کرنے کیلئے ایک بڑے منصوبے کا آغاز کر دیا ، جس کے تحت بلیو اکانومی اور ایکوا کلچر کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔اس پروگرام کے تحت سرگودھا، علی والا اور شاہ گڑھ میں شرمپ فارمنگ کے بڑے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ۔سرگودھا شرمپ اسٹیٹ میں 126 میں سے 118 تالابوں کی کھدائی مکمل جبکہ 92 فیصد پشتے تیار ہو چکے ہیں، 116 ٹیوب ویلز کی بورنگ کے بعد پانی کی فراہمی کا نظام بھی 92 فیصد تک مکمل ہو گیا ۔ 365 ایکڑ اراضی کی صفائی اور سروے مکمل ہونے کے بعد سڑکوں اور ویئر ہاؤس سمیت دیگر انفراسٹرکچر پر کام آخری مراحل میں ہے ۔علی والا شرمپ اسٹیٹ میں 1267 ایکڑ میں سے 90 فیصد رقبہ کلیئر کر لیا گیا جبکہ 737 میں سے 642 تالاب مکمل ہو چکے ہیں۔
ڈرینج سسٹم، روڈ نیٹ ورک اور ٹیوب ویلز کی تنصیب کا بڑا حصہ مکمل ہو چکا جبکہ ایڈمن آفس، ہاسٹل اور لیبر رہائش کے ڈھانچے بھی تیزی سے تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔شاہ گڑھ شرمپ فارم میں بھی واٹر سپلائی، بجلی اور سڑکوں کے منصوبے 90 سے 97 فیصد تک مکمل ہو چکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق جھینگوں کی افزائش کیلئے پانی کا درجہ حرارت موزوں ہے اور روزانہ خوراک و سپلیمنٹس کے ذریعے پیداوار اور معیار میں بہتری کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ مریم نواز نے منصوبوں پر پیشرفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی معیار کی شرمپ فارمنگ پنجاب کو ایکوا کلچر کا اہم مرکز بنائے گی، جس سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔
مریم نواز شریف نے چینی زبان کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ چینی زبان عالمی سطح پر غیر معمولی اہمیت اختیار کر چکی ہے اور یہ اقوام متحدہ کی چھ سرکاری زبانوں میں شامل ہے ، دنیا بھر میں ایک ارب سے زائد افراد چینی زبان بولتے ہیں اور چین کی ترقی عالمی سطح پر مثال بن چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ چینی زبان سیکھنے سے پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں گے جبکہ پنجاب پولیس کو بھی چینی باشندوں کی سکیورٹی کے پیش نظر یہ زبان سکھائی جا رہی ہے ۔وزیراعلیٰ نے خضدار میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والی لیڈی کانسٹیبل ملک ناز بلوچ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانی کو قوم کیلئے قابلِ فخر قرار دیا اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ان کا کہناتھاکہ شہید ملک ناز نے ثابت کردیاجب قوم کی بیٹی ڈٹ جائے تو کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔