25کروڑ ڈالر کے مزید یورو بانڈ ز جاری ، عالمی سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی
یورو بانڈز تین سال کی مدت کیلئے 6.9فیصد شرح منافع پر جاری ، مجموعی مالیت 75کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی چار سال بعد عالمی مارکیٹ میں کامیاب واپسی، ملکی معیشت کو درکار لیکویڈیٹی میں اضافہ ہوگا :وزارت خزانہ
اسلام آباد (مدثر علی رانا) حکومت نے 25 کروڑ ڈالر مالیت کے مزید یورو بانڈز عالمی مارکیٹ میں جاری کر دئیے ۔ اس کے ساتھ تین سالہ مدت کیلئے مجموعی طور پر 75 کروڑ ڈالر مالیت کے یورو بانڈز 6.9 فیصد شرح منافع پر جاری ہو گئے ہیں جبکہ مزید اجرا کا بھی پلان زیر غور ہے ۔ ذرائع کے مطابق حکومت رواں مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 1 ارب ڈالر یا اس سے زائد مالیت کے یورو بانڈز جاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔وزیر خزانہ کے ایڈوائزر خرم شہزاد کے مطابق پاکستان نے چار سال کے وقفے کے بعد ایک بار پھر بین الاقوامی سرمایہ مارکیٹ میں کامیاب واپسی کی ہے۔
مڈٹرم پروگرام کے تحت ابتدائی طور پر 50 کروڑ ڈالر مالیت کا تین سالہ یورو بانڈ جاری کیا گیا تھا جو اب بڑھ کر 75 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معاشی اور جغرافیائی غیر یقینی صورتحال کے باوجود اس بانڈ کو سرمایہ کاروں کی بھرپور توجہ حاصل ہوئی جو پاکستان کی معیشت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی علامت ہے۔وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق اس کامیاب اجرا سے نہ صرف پاکستان کی عالمی مالیاتی منڈیوں میں ساکھ بہتر ہوئی ہے بلکہ ملکی معیشت کو درکار لیکویڈیٹی میں بھی اضافہ ہوگا۔ اس اقدام سے مستقبل میں قرض کے حصول کیلئے مستحکم اور خودمختار ییلڈ تشکیل دینے میں مدد ملے گی جس کے باعث قرض پر بہتر شرح سود حاصل کی جا سکے گی اور یہ عالمی سرمایہ کاروں کیلئے مثبت اشارہ ہے۔
حکام کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی بنیادوں کی عکاسی کرتی ہے اور حکومت کی اس حکمت عملی کو تقویت دیتی ہے جس کا مقصد عالمی مارکیٹ میں طویل المدتی اور مستحکم موجودگی برقرار رکھنا ہے ۔ پاکستان نے تین سالہ مدت کیلئے 50 کروڑ ڈالر کا یورو بانڈ 6.9 فیصد شرح منافع پر جاری کیا تھا جو سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے ۔وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال کیلئے 40 کروڑ ڈالر مالیت کے بانڈز کے اجرا کا ابتدائی پلان تھا تاہم اب اس میں توسیع کی جا رہی ہے ۔ چند روز قبل پاکستان نے 1.3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز کی بروقت ادائیگیاں بھی مکمل کی ہیں۔