بنوں : فورسز کا آپریشن 2 فتنہ الخوارج ہلاک، لورالائی میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام

 بنوں : فورسز کا آپریشن 2 فتنہ   الخوارج ہلاک، لورالائی میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام

بنوں میں خفیہ اطلاع پر آپریشن میں انتہائی مطلوب کمانڈر وحید اللہ عرف مختیار اور خودکش حملہ آور مارے گئے ،اسلحہ برآمد لورالائی میں پولیس نے پوڑی ٹک پہاڑ سے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمدکرلیا،صدر اور وزیراعظم کا خراج تحسین

اسلام آباد،پشاور،کوئٹہ (نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک ، اے پی پی)سکیورٹی فورسز نے بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے ایک اہم رنگ لیڈر سمیت 2 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ لورالائی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمدکرلیاگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں خفیہ اطلاع  پر کئے گئے آپریشن میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد مارے جانے والوں میں انتہائی مطلوب کمانڈر وحید اللہ عرف مختیار اور ایک خودکش حملہ آور شامل ہیں، ہلاک دہشتگردوں سے خودکش جیکٹ، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق وحید اللہ عرف مختیار دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا اور 21 فروری 2026 کو بنوں میں ہونے والے خودکش حملے کا مرکزی سہولت کار بھی تھا، جس میں لیفٹیننٹ کرنل گل فراز شہید ہوئے تھے۔

دوسری طرف بلوچستان کے علاقے لورالائی میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ ڈی آئی جی لورالائی رینج اور ایس ایس پی کے مطابق خفیہ اطلاع پر پوڑی ٹک پہاڑ کے علاقے میں کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کیا گیا۔برآمد شدہ مواد میں 10 کلو ٹی این ٹی، 8 کلو بلیک ایکسپلوزیو، 4 آئی ای ڈیز، 11 ڈیٹونیٹرز، سیفٹی فیوز، 165 ایس ایم جی راؤنڈز اور دیگر دھماکہ خیز سامان شامل ہے ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت دیگر رہنماؤں نے کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیااور کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور دشمن کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں