حیدرآباد :پیپلز بس سروس کا آغاز کل
کراچی (این این آئی)سندھ کے سینئر وزیر اور وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے ٹنڈو الہ یار اور حیدرآباد کے عوام کے لیے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ٹنڈو الہ یار سے حیدرآباد کے درمیان پیپلز بس سروس کا باقاعدہ آغاز کل سے کیا جا رہا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ عوام کو جدید، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ، جس کے تحت پیپلز بس سروس کے دائرہ کار کو مرحلہ وار صوبے کے مختلف اضلاع تک وسعت دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا اس منصوبے سے دونوں شہروں کے درمیان روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں شہریوں کو بڑی سہولت میسر آئے گی، جبکہ ملازمت پیشہ افراد، طلبہ، کاروباری طبقے اور دیگر مسافروں کی آمد و رفت میں نمایاں آسانی پیدا ہوگی، اسی مقصد کے تحت پیپلز بس سروس کو دیگر شہروں تک بھی توسیع دی جا رہی ہے۔