تحصیل سطح پر نئی جامعات، سب کیمپس کے قیام پر پابندی عائد

 تحصیل سطح پر نئی جامعات، سب کیمپس کے قیام پر پابندی عائد

فیصلہ غیر معیاری تعلیم، پی ایچ ڈی فیکلٹی کی کمی اور کمزور انفراسٹرکچر کے باعث کیا گیا ایچ ای سی ان اداروں کے این او سی، ایکریڈیٹیشن اور ڈگری کی تصدیق نہیں کریگا

 اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے تحصیل سطح پر نئی یونیورسٹیوں اور ان کے ذیلی کیمپس (سب کیمپس)  کے قیام پر ملک گیر پابندی عائد کر دی ،یہ فیصلہ غیر معیاری تعلیم، اہل فیکلٹی کی کمی اور کمزور انفراسٹرکچر کو بنیادی وجوہات قرار دیتے ہوئے کیا گیا چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد اختر کی جانب سے تمام جامعات کے وائس چانسلرز اور سربراہان کو ارسال کیے گئے مراسلے میں واضح کیا گیا کہ ایچ ای سی کی پیشگی اجازت اور سکروٹنی کے بغیر کوئی نئی یونیورسٹی یا ذیلی کیمپس قائم نہیں کیا جا سکے گا۔ مراسلے کے مطابق خط میں واضح کیا گیا کہ ایچ ای سی این او سی، ایکریڈیٹیشن اور ایسے اداروں کی ڈگریوں کی تصدیق نہیں کرے گا۔

ایچ ای سی نے تمام جامعات کو نئی کیمپس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے ۔ مراسلے میں تحصیل سطح کے کیمپسز میں پی ایچ ڈی فیکلٹی کی شدید کمی، طلبہ کی کم تعداد اور محدود تعلیمی پروگرامز پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق زیرِ التوا تمام ذیلی کیمپسز اور ان سے متعلق درخواستیں فوری طور پر معطل کر دی گئی ہیں، جبکہ ان کیمپسز میں داخلوں اور تشہیری سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ مزید برآں فیکلٹی بھرتیوں، تعمیراتی سرگرمیوں اور زمین کے حصول کے عمل کو بھی روک دیا گیا جبکہ نئے پروگرامز اور کیمپسز کی منظوری بھی معطل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں