جعلی پاسپورٹ،مختلف ممالک کے ویزا سٹیکر تیار کرنیوالا گرفتار
ایف آ ئی اے کی گجرات میں کارروائی ، نصیر سے مشینری اور آلات بھی برآ مد انسانی سمگلنگ میں ملوث 2 خواتین آسیہ اور نازش کو دھلے سے گرفتار کر لیا گیا
گوجرانوالہ، گجرات (نیوز رپورٹر، نامہ نگار )ایف آئی اے گوجرانوالہ نے جعلی پاسپورٹ اور مختلف ممالک کے ویزا سٹیکر تیار کرنے والے نصیر احمد کو گرفتار کر لیا۔ملزم کوخفیہ اطلاع پر گجرات سے گرفتار کیاگیا ،بڑی تعداد میں جعلی پاسپورٹس اور ویزا سٹیکرز برآمد ہوئے ۔برآمد شدہ دستاویزات میں پاکستانی و غیر ملکی پاسپورٹس شامل ہیں۔برطانیہ، کینیڈا، سپین، بیلجیئم سمیت متعدد ممالک کی جعلی دستاویزات برآمد کرلی گئیں ۔شینجن ممالک (اٹلی، فرانس، سپین، بیلجیئم) کے ویزا سٹیکرز بھی شامل ہیں۔امریکا ، برطانیہ، جاپان، ترکی اور میکسیکو کے جعلی ویزا سٹیکرز بھی ملے ۔پاسپورٹ اوراق، کورز اور پروٹیکٹر سٹیکرز بھی برآمد کر لئے گئے ۔جعلی دستاویزات تیار کرنے والی مشینری اور آلات قبضے میں لے لئے گئے ۔لیمینیشن مشین، کٹر، ڈرل مشین اور دیگر پاسپورٹ بنانے والے آلات پکڑے گئے ۔ ملزم سے شناختی کارڈز اور تعلیمی اسناد بھی برآمد ہوئے ملزم 7 سے 8 سال سے جعلی دستاویزات کے کاروبار میں ملوث تھا ،ملزم نے ابتدائی تفتیش میں جرم کا اعتراف کر لیا۔ علاوہ ازیں ایف آ ئی اے نے انسانی سمگلنگ میں ملوث 2 خواتین آسیہ اور نازش کو گوجرانوالہ کے علاقے دھلے سے گرفتار کر لیا جنہوں نے شہری کو برطانیہ بھیجنے کا جھانسہ دے کر 62 لاکھ روپے بٹورے ، رقم بینک اکاؤنٹس اور نقد وصول کی گئی، مقدمہ درج کر لیا گیا ۔