نئی بھر تیاں شفاف بنائی جا ئیں
اسلام آباد (اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایف آئی اے کو اس سال کے اختتام تک جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ادارہ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وہ ایف آئی اے ہیڈکوارٹرزکے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کررہے تھے ، اجلاس میں ایف آئی اے کو مزید فعال اور عوام دوست ادارہ بنانے کے لیے اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف آئی اے میں نئی بھرتیوں کے تمام مراحل میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جانا چاہیے ،صرف باصلاحیت اور اہل افراد کو ہی ادارے کا حصہ بننا چاہیے تاکہ ایف آئی اے کی ساکھ اور کارکردگی میں مزید بہتری آ سکے ، انہوں نے کہا تفتیش اور آپریشنز میں جدید ٹیکنالوجی کو شامل کیا جائے گا ،ایف آئی اے کو ایسا ادارہ بنانا ہے جو سائبر کرائم اور انسانی سمگلنگ جیسے چیلنجز کا مقابلہ کر سکے ، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے وزیر داخلہ کو اپ گریڈیشن منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی، دریں اثنا گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے محسن نقوی نے ملاقات کی،ملاقات میں خیبرپختونخوا میں امن و امان، گڈ گورننس و انتظامی امور اورسکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر تبالہ خیال کیاگیا، ضم اضلاع میں امن و امان، ترقیاتی اقدامات سمیت افغان سرحد سے دراندازی جیسے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، این ایف سی ایوارڈ کے اور صوبائی حقوق سے متعلق معاملات بھی ملاقات میں زیر بحث رہے ۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ خیبر پختونخواوفاق کی اکائی ہے ،صوبہ میں پائیدار امن اور ترقی و خوشحالی کیلئے وفاقی حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔