مزدوروں کو حق چاہیے، استحصالی نظام اکھاڑ پھینکنا ہوگا:حافظ نعیم:جماعت اسلامی کے مہنگائی کیخلاف ملک گیر مظاہرے

مزدوروں  کو  حق  چاہیے، استحصالی  نظام  اکھاڑ  پھینکنا  ہوگا:حافظ  نعیم:جماعت اسلامی  کے  مہنگائی  کیخلاف  ملک  گیر  مظاہرے

لاہور ،پشاور،کراچی سمیت دیگر شہروں میں مظاہرین کے نعرے ، حکومت نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی :مقررین سوشل سکیورٹی، بے نظیر انکم سپورٹ جیسے ادارے کرپشن کا گڑھ :امیر جماعت اسلامی کا منصورہ میں اجتماع سے خطاب

لاہور،اسلام آباد،کراچی (سیاسی نمائندہ،اپنے رپورٹرسے ،سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر مہنگائی کیخلاف لاہور،اسلام آباد،کراچی سمیت ملک کے کئی شہروں میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔دوسری طرف یوم مئی کی مناسبت سے منصورہ لاہورمیں مزدوروں کے اجتماع اور مرکزی تربیتی نشست سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ محنت کشوں کو خیرات نہیں، ان کا حق دیا جائے ،سوشل سکیورٹی، بے نظیر انکم سپورٹ جیسے ادارے کرپشن کا گڑھ ہیں ،جاگیرداروں، وڈیروں،سرمایہ داروں اور افسرشاہی پر مشتمل طبقہ 79 برس سے وسائل پر قابض، غریب کا خون نچوڑا جارہا ہے ، عوام کے استحصال پر مبنی یہ نظام اب مزید نہیں چل سکتا، اسے اکھاڑ پھینکنا ہوگا۔تفصیلات کے مطابق حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر مہنگائی کے خلاف جمعہ کو ملک گیر مظاہرے ہوئے ، جس میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت اور حکمرانوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

لاہور میں امیر ضلع ضیاالدین انصاری نے مظاہرہ کی قیادت کی، فیصل آباد، چنیوٹ، حافظ آباد، وزیر آباد، گوجرانوالہ ، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، قصور میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے ، شرکا نے حکومت سے فوری ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب جاوید قصوری نے مظاہرے سے خطاب میں کہا پٹرول کی قیمت چار سو روپے فی لٹر تک پہنچ چکی، بجلی کے نرخ بھی عوام کی برداشت سے باہر ہو چکے ، گندم کی قیمتوں میں کمی اور زرعی اخراجات میں اضافے نے کسانوں کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا،حکومت فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے نرخ کم ، کسانوں کو فوری ریلیف فراہم کرے ۔ دیگر شہروں میں مقررین نے خطاب میں کہا حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی،اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی نصراللہ رندھاوا کی زیر قیادت ترنول کے مقام پر کئے گئے احتجاجی مظاہرے میں شدید نعرے بازی کی گئی۔ کراچی میں بھی تمام اضلاع، چوکوں و چوراہوں اور جمعہ کی نماز کے بعد مساجد کے باہر درجنوں مقامات پر احتجاجی مظاہرے ہوئے ۔

مردان میں امیر جماعت اسلامی پختونخوا عبدالواسع کی قیادت میں مظاہرہ ہوا ۔پشاورمیں پریس کلب کے سامنے احتجاجی ریلی نکالی گئی،قلعہ سیف اللہ سمیت بلوچستان کے د یگر علاقوں میں بھی مظاہرے کئے گئے ۔ ادھر نیشنل لیبر فیڈریشن کے زیراہتمام منصورہ میں منعقدہ تقریب اور تربیتی سیشن سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ ہر سال عالمی یوم مزدور پر تقاریب اور بیانات تو ہوتے ہیں مگر مزدوروں کو ان کا حق نہیں ملتا ، ملک میں ٹھیکیداری نظام کے باعث مزدوروں کا استحصال ہو رہا ہے ۔ملک میں بے نظیر انکم سپورٹ اور سوشل سکیورٹی جیسے پروگرام اور ادارے کرپشن کی آماجگاہ ہیں ، صرف پنجاب میں ایک کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، غریب بجلی کے بلوں پر، پٹرولیم لیوی کی مد میں اور اس طرح کے بیسیوں دیگر ٹیکسز ادا کرتا ہے جبکہ مریم نواز گیارہ ارب کے جہاز میں سفر کرتی ہیں، زرداری اور شریف خاندان بتائیں کیا ان کی فیکٹریوں اور زمینوں پر کام کرنے والوں کو طے شدہ قوانین کے مطابق حق ملتا ہے ؟۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات سے بھاگنے کی کوشش کر رہی ہے ، مقامی حکومتوں کے انتخاب میں سو فیصد نشستوں پر امیدوار کھڑے کریں گے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پٹرول پر عام آدمی 120روپے لٹر ٹیکس کی مد میں ادا کرتا ہے ، صرف موٹر سائیکل مالکان حکومت کو اس مد میں پانچ سو ارب ادا کررہے ہیں جب کہ جاگیردار صرف بارہ ارب ٹیکس دیتے ہیں، یہ کیسا نظام ہے جس میں مسلط اشرافیہ کی دولت میں اضافہ ہورہا ہے لیکن عوام بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں، وڈیروں، افسرشاہی اور خاندانوں پر مشتمل پارٹیوں کے اس ظالم اتحاد کو توڑنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 8 کروڑ مزدوروں میں سے 6 کروڑ تورجسٹرڈ ہی نہیں، مزدور، کسان جماعت اسلامی سے مل کر جدوجہد کریں ، عوام متحد ہوجائے تو یہ فرسودہ نظام اپنی موت آپ مرجائے گا۔حافظ نعیم الرحمن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی مذمت کی اور حکومت کو خبردار کیا کہ پٹرول پر لیوی ختم کی جائے بصورت دیگر جماعت اسلامی احتجاج میں مزید شدت لائے گی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں