چین،پاکستان میں 2ایم او یوز، 1معاہدے پردستخط

چین،پاکستان میں 2ایم او یوز، 1معاہدے پردستخط

جانوروں کی ویکسینز ، طبی ٹیکنالوجی میں تعاون، سرمایہ کاری کا معاہدہ شامل تقریب میں صدر زرداری کی شرکت، عراق کے نامزد وزیر اعظم سے رابطہ

اسلام آباد،سانیا (سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) صدرِ آصف علی زرداری چین کا پانچ روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد واپس پاکستان پہنچ گئے ،سانیا  ایئرپورٹ پر کمیونسٹ پارٹی آف چائنا ہائی نان کے سینئر رہنما وانگ چیانگ نے الوداع کیا، واپسی سے قبل صدر مملکت نے چین کے شہر سانیا میں پاکستان اور چین کے اداروں کے درمیان مفاہمت کی 2 یادداشتوں(ایم او یوز) اور سرمایہ کاری کے ایک معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی ، ان میں مشینری، جانوروں کی ویکسینز اور طبی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمت کی دو یادداشتیں اور مشترکہ سرمایہ کاری کا ایک معاہدہ شامل ہے ، تقریب میں الحسن ٹریڈ اسٹیبلشمنٹ، سینی انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ اور ہینان جیالونگ انٹرنیشنل ٹیکنالوجی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط سینیٹر سلیم مانڈوی والا، نائب صدر سینی گروپ اور چیئرمین نے کئے ۔

حیوانات کیلئے ویکسین اور منہ کھر ویکسین کی فراہمی کیلئے مشترکہ معاہدہ طے پایا جس پر شرجیل انعام میمن اور چیئرمین لوئیانگ ماڈرن ٹیکنالوجی گروپ وانگ شانپو نے دستخط کئے ۔اس کے علاوہ ڈاکٹر ضیا الدین ہسپتال اور شینزن وی بانگ ٹیکنالوجی کے درمیان سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط ہوئے جس کا مقصد کلینیکل میڈیسن میں روبوٹس کے جدید استعمال کو فروغ دینا ہے ، ڈاکٹر انوپ کمار داوانی اور شینزن وی بانگ ٹیکنالوجی کے ڈپٹی جنرل منیجر نے اس معاہدے پر دستخط کئے ، علاوہ ازیں صدر مملکت نے چین میں قیام کے دوران عراق کے نامزد وزیرِاعظم علی فالح خادم الزیدی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور انہیں عراقی حکومت کے سربراہ کے طور پر وزارت عظمیٰ کے اہم منصب پر نامزد ہونے پر مبارکباد دی، صدرِ مملکت نے نامزد وزیرِاعظم کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا، عراقی رہنما نے صدرِ آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا اور انہیں باہمی طور پر مناسب وقت پر عراق کے دورے کی دعوت دی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں